بی آرایس کی سلور جوبلی تقاریب کو کامیاب بنایاجائے۔کے کویتا رکن کونسل کا بیان
کانگریس حکومت خواتین کے مسائل کی یکسوئی میں بالکلیہ طور پر ناکام

کانگریس حکومت خواتین کے مسائل کی یکسوئی میں بالکلیہ طور پر ناکام
ماقبل انتخابات کئے گئے ایک بھی وعدہ کی عدم تکمیل ‘خواتین میں شدید ناراضگی
بی آرایس کی سلور جوبلی تقاریب کو کامیاب بنایاجائے۔کے کویتا رکن کونسل کا بیان
حیدرآباد: رکن قانون ساز کونسل بی آرایس وصدرتلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے کانگریس حکومت کو شدید ہدف تنقید بنایا اور کہاکہ کانگریس حکومت ریاست کی خواتین کے مسائل کی یکسوئی میں بالکلیہ طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ صحافتی بیان میں کویتا نے کہاکہ ماقبل انتخابات کانگریس پارٹی نے خواتین کی ترقی اور فلاح وبہبود کےلئے بلند بانگ دعوے اور وعدے کئے تھے تاہم اقتدار پر فائز ہونے کے بعد وعدوں کو بالکلیہ طور پرفراموش کردیا۔کانگریس پارٹی نے ہر خاتون کو ماہانہ 2500روپئے مالی امداد کی فراہمی کا وعدہ کیااور خواتین کے ووٹ حاصل کئے۔اقتدار پر فائز ہوکر زائد از15ماہ گزر چکے ہیں تاہم تلنگانہ میں ایک بھی خاتون کو 2500روپئے ماہانہ مالی امداد فراہم نہیں کی گئی ہے۔دوسری طرف طالبات کو اسکوٹیز دینے کا وعدہ کیاگیاتھا ۔ یہ وعدہ بھی وفانہیں کیاگیا۔شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی میں مالی امداد کے ساتھ ساتھ ایک تولہ سونا دینے کا وعدہ کیاگیاتھا ۔تاہم ایک تولہ سونے کی فراہمی کے وعدہ سے بھی کانگریس حکومت مکر گئی ہے۔کانگریس حکومت کی ناقص حکمرانی کے باعث تمام طبقات بالخصوص خواتین میں شدید برہمی اور ناراضگی پائی جاتی ہے۔کانگریس حکومت نے خواتین کو دھوکہ دیاہے۔دھوکہ دہی اور فریب کانگریس پارٹی کا وطیرہ رہاہے۔خواتین اب اس بات کاتہیہ کرچکی ہیں کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کو مناسب سبق سکھایاجائے گا۔کے کویتا نے کہاکہ تمام طبقات اور خواتین کی فلاح وبہبود بی آرایس کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔بی آرایس پارٹی تمام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی اوراقتدار پر دوبارہ واپس آئے گی۔ کے کویتا نے عوام بالخصوص خواتین سے خواہش کی کہ وہ بی آرایس کی سلور جوبلی تقاریب کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں۔انہوں نے کہاکہ ہنمکنڈہ کے ایلکا ترتی میں 27اپریل کو عظیم الشان پیمانے پر جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آئے گا۔خواتین کی کثیر تعداد میں شرکت اور خواتین کےلئے جلسہ گاہ میں خصوصی انتظامات روبہ عمل لائے جارہے ہیں۔کے کویتا نے کہاکہ تلنگانہ کی ترقی بی آرایس کے ذریعہ ہی ممکن ہے ۔بی آرایس تلنگانہ کی جماعت ہے اور تلنگانہ اور بی آرایس ایک دوسرے کےلئے لازم وملزوم ہے۔