تلنگانہ بھرمیں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا آغاز

تلنگانہ بھرمیں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا آغاز
تلنگانہ بھرمیں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا آج سے آغازہوا۔ ریاست بھر میں 1532 امتحانی مراکزمیں یہ امتحان شروع ہوا۔ انٹرمیڈیٹ سال اول اور دوم میں جملہ 9 لاکھ 96 ہزار 971 طلبہ امتحانات تحریر کررہے ہیں۔ 29 ہزار 992 انویجلیٹرس، 1532 ڈپارٹمنٹ آفیسرس، 1532 امتحانات کی نگرانی کے لئے چیف سپرنٹنڈنٹس، 72 فلائنگ اسکواڈس، 124 سٹنگ اسکواڈس کی نگرانی میں امتحانات منعقد کئے جارہے ہیں۔ امتحانات کے سلسلہ میں نامپلی میں واقع بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے دفتر میں کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے امتحانی مراکز پر نظر رکھی جارہی ہے۔ ہر امتحانی مرکز پر 5 تا 6 سی سی کیمروں کو نصب کیا گیا ہے۔ یہ امتحانات 25 مارچ تک جاری رہیں گے۔ سابق میں ایک منٹ کی تاخیر پر امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی لیکن اب 5 منٹ تاخیر پر بھی امتحانی مرکز میں داخلہ کی سہولت دی جارہی ہے۔ سابق کی طرح اس مرتبہ بھی طلبہ کسی بھی الکٹرانک اشیاء کو ساتھ میں نہیں رکھ سکتے۔ خاص طور پر کسی بھی قسم کی ہینڈ واچ کورکھنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ پرچہ سوالات پولیس اسکارٹ کی نگرانی میں متعلقہ سنٹرس کو منتقل کئے گئے ہیں۔ اس مرتبہ ہال ٹکٹ پر امتحانی مرکز کے مقام کا لوکیشن کیو آر کوڈ رکھا گیا ہے۔