تلنگانہ اسمبلی کے باب الداخلہ پر بی آر ایس ارکان اسمبلی و ارکان کونسل کا احتجاج، کے ٹی آر، ہریش رائو، کے کویتا و دیگر کی گرفتاری و رہائی
تلنگانہ اسمبلی کے سرمائی سیشن کے آغاز سے قبل کارگزار صدر بی آر ایس و رکن اسمبلی سرسلہ کے ٹی آر کی قیادت میں اراکین اسمبلی و اراکین قانون سازکونسل نے اسمبلی کے مرکزی دروازے پر زبردست احتجاج منظم کیا ۔ سیشن کے آغاز سے چند منٹ قبل جب بی آر ایس کے اراکین اسمبلی و اراکین قانون ساز کونسل ریونت اڈانی بھائی بھائی کے نعروں اور صنعت کار گوتم اڈانی کے ساتھ چیف منسٹر کی تصویر والی زیب تن کئے ہوئے اسمبلی میں داخل ہورہے تھے کہ پولیس نے انہیں روک دیا ۔ جس پر کے ٹی آر اور پولیس کے درمیان لفظی بحث دیکھی گئی ۔ پولیس نے کہا کہ جب تک یہ ٹی شرٹس آپ اتار نہیں دیتے جب تک اندر داخلہ کی اجاز ت نہیں رہیگی ۔بی آر ایس قانون سازوں نے اپنی پسند کے کپڑے پہننے کے حق پر زور دیا اور پولیس کے اپنے لباس کو ترتیب دینے کے اختیار کو چیلنج کیا ۔ کے ٹی راما راؤ سمیت بی آر ایس قائدین نے پولیس سے سوال کیا کہ اڈانی کے خلاف بی آر ایس کا احتجاج کیسے غلط ہے، اور نشاندہی کی کہ کانگریس کے لوک سبھا لیڈر راہول گاندھی بھی اڈانی کے خلاف احتجاج کرتے رہے ہیں ۔دریں اثناء اپوزیشن ایم ایل ایز اور ایم ایل سیز نے اڈانی ریونت بھائی بھائی کے نعرے لگائے ۔ جیسے ہی نعرے بلند کئے گئے پولیس نے مداخلت کی ۔ پولیس کے انکار پربی آری ایس اراکین اسمبلی و اراکین قانون ساز کونسل بشمول ٹی ہریش راءو، کے ۔ کویتا، مدھو سدن چاری و دیگر کوگرفتار کر تے ہوئے قریبی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔بعد ازاں انہیں رہا کردیا۔