کیرالہ میں سڑک حادثہ میں ایم بی بی ایس کے پانچ طلباء کی موت
الاپوژا، 3 دسمبر: کیرالہ کے ضلع الاپوژا میں پیر کی رات ایک کار اور ریاستی ٹرانسپورٹ کی بس کے درمیان ٹکر میں ایم بی بی ایس سال اول کے پانچ طالب علموں کی موت ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت بس میں سوار 15 مسافر اور کار میں سوار 6 طالب علم زخمی بھی ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ کل رات اس وقت پیش آیا جب تیز بارش ہو رہی تھی۔ گروویور-کایم کلم فاسٹ پیسجنجر بس نے کار کو زوردار ٹکر مار دی۔ جس میں 11 میں سے 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور دیگر زخمی ہوگئے۔ انہیں وندنم کے ٹی ڈی میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران مزید دو لوگوں کی موت ہوگئی۔
اس واقعہ کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو موقع سے ہٹوایا۔
انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں ملاپورم کے کوٹاکل کے رہنے والے دیو ناتھن (19)، پالکڈ کے شیکھری پورم کے رہنے والے سری دیو والسن (19)، کوٹائم کے چنناڈو کے رہنے والے آیوش شاجی (19)، لکشدیپ کے اینڈروتھ کے رہنے والے پی پی محمد ابراہیم (19) اور کننور کے پنڈیالہ کا رہنے والا محمد عبدالجبار (19) شامل ہیں۔
#Five MBBS students killed in Kerala road accident