سرپورٹی کے دباگوڑم موضع میں کسان پر شیر کے حملہ کا واقعہ, بیوی کی بہادری اور بروقت اقدام کے باعث شوہر کی جان بچ گئی
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر(آداب تلنگانہ نیوز)کمرم بھیم آصف آباد میں شوہر کو شیر کے حملے سے بچانے کےلئے بیوی نے بہادری کا مظاہرہ کیا۔جس کے نتیجہ میں شوہر کی جان بچ گئی۔واضح رہے کہ سرپور ٹی منڈل کے موضع دباگوڑم میں شیر نے کسان سریش پر حملہ کردیاتھا۔اس دوران سریش کی بیوی سجاتا نے شیر پر پتھر پھینکے اور چیخ وپکار کی۔سجاتا نے بتایاکہ وہ کھیت میں ایک طرف روئی جمع کررہی تھی جبکہ دوسری طرف سریش زرعی کام میں مصروف تھا۔اس دوران اچانک شیر نے سریش پر حملہ کردیا اور گردن کو دبوچ لیا۔
اس دوران وہ فوراً شیر کی طرف پتھر پھینکنے لگی۔اس دوران سریش نے اپنی کلہاڑی سے شیر پر حملہ کی کوشش کی تاہم شیر محفوظ رہا اور سریش کو چھوڑکر جنگل کی سمت چلا گیا۔سجاتا نے خوفناک واقعہ کو یاد کرتے ہوئے تمام تفصیلات سے واقف کروایا۔سجاتا نے مزید بتایاکہ دودیگر کسان جوڑے بھی جو کپاس کی فصل کی کٹوائی میں مصروف تھے وہ بھی فی الفور مقام واقعہ پر پہنچ گئے اور چیخ وپکار کرنے لگے۔
سجاتا نے بتایاکہ بعدازاں وہ اپنے رشتہ داروں کو اطلاع دی۔جنہوںنے ابتدائی طور پر سریش کو سرپورٹی کے ایک دواخانہ سے رجوع کیا اور پھر بعدازاں کاغذ نگر کے ایک خانگی دواخانہ کو منتقل کیاگیا۔مقامی افراد نے بتایاکہ سجاتا کی بہادری کے باعث سریش کی جان بچ گئی۔مقامی افراد نے بتایاکہ اگر سجاتا شیر کے حملہ کے وقت خوفزدہ ہوجاتی اور مقام واقعہ سے بھاگ جاتی تو شیر سریش کو ہلاک کردیتا۔
مقامی افراد نے کہاکہ سجاتا کے بروقت اقدام اور بہادری کے باعث سریش کی جان بچ گئی۔محکمہ جنگلات کے عہدیداران نے بتایاکہ جس شیر نے گناورم کی ساکن 21سالہ ایم لکشمی کو کاغذنگر منڈل کے ایز گاﺅں میں ہلاک کیاتھا اسی شیر نے 20کیلو میٹر دور سریش پر بھی حملہ کیا۔محکمہ جنگلات کے عہدیداران نے بتایاکہ مقام واقعہ پر شیر کے پنجوں کے نشان پائے گئے۔عہدیداران نے بتایاکہ شیر ایک دن میں 50کیلو میٹر کا فاصلہ طئے کرسکتے ہیں۔
Farmer attacked by tiger in Dabagudem, wife saves him