تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریںشہر کی خبریں

حیدرآباد: زیرالتوا ٹریفک چالانات، عدالت میں چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے جرمانے کی وصولی

شہرحیدرآباد میں ٹریفک پولیس،زیرالتواچالانات پر عدالت میں چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے جرمانے وصول کررہی ہے۔ پولیس نے چالانوں کی وصولی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ دس سے زائد چالانات زیر التواء والی گاڑیوں کے مالکین کے خلاف چارج شیٹ دائر کی جا رہی ہے۔

اس مقصد کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔ گاڑی کے رجسٹریشن نمبر سے منسلک فون نمبر پر ایک پیغام بھیجا جاتا ہے اور کیس کے درج ہونے کی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ عدالت میں پیش ہونے کی تاریخ اور وقت کے بارے میں معلومات بھیجی جا رہی ہیں۔ اس کا جواب نہ دینے والوں کو قانونی نوٹس بھیجے جا رہے ہیں۔اس کے بعد عدالت میں پیش ہو کر زیر التواء چالان جمع کرناپڑتاہے۔

جاریہ سال کے دوران ٹریفک پولیس نے 1115 افراد کے خلاف چارج شیٹ دائر کی، انہیں عدالت میں پیش کیا اور جرمانے وصول کئے۔ 5,431 افراد کو قانونی نوٹس بھیجے گئے۔جب یہ چالان سسٹم شروع ہوا تو ابتدائی طور پر تین چالان سے تجاوز کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی گئی اور انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔

چالان کی ادائیگی سے بچنے والے موٹر سائیکل سواروں کو خصوصی مہم کے دوران پکڑا گیا۔ اگرچہ ماضی میں دو مرتبہ چالان پر بڑے پیمانہ پررعایت کی پیشکش کی گئی تھی لیکن کئی افراد نے ان سے استفادہ نہیں کیا۔ اس وقت 150 زیر التواء چالانات والی گاڑیاں بھی شہر کی سڑکوں پر چل رہی ہیں۔

پولیس ایسے موٹرسائیکلوں کی نشاندہی کر رہی ہے جن کے 10 سے زائد چالان ہیں۔ حیدرآباد کے بشمول تلنگانہ ریاست میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد کی بنیاد پر گاڑیوں کے مالکین کو قانونی نوٹس بھیجے جارہے ہیں۔ پولیس عدالتی ریکارڈ میں بار بار قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکلوں کی مکمل تفصیلات درج کر رہی ہے۔ نشہ میں ڈرائیونگ کے بشمول ٹریفک قواعد کی دیگر خلاف ورزیوں میں پکڑے جانے والوں کی گاڑیاں عارضی طور پر ضبط کی جارہی ہیں۔

 

#Hyderabad traffic challans pending, court charge sheets filed for fines

متعلقہ مضامین

Back to top button