بلدی انتخابات میں جگتیال کے ہر موضع میں گلابی پرچم لہرایاجائے
بلدی انتخابات میں جگتیال کے ہر موضع میں گلابی پرچم لہرایاجائے
پارٹی بدلنے والے قائدین کو عوام کبھی معاف نہیں کریںگے
انتہائی قلیل مدت میں کانگریس حکومت کو شدید عوامی مخالفت کا سامنا
بی آرایس کے قائدین اور کارکنوں کا اجلاس۔کے کویتا رکن قانون ساز کونسل کا خطاب
حیدرآباد۔24نومبر(آداب تلنگانہ نیوز) سابق چیف منسٹر تلنگانہ وبی آرایس سربراہ کے چندرشیکھر راﺅ نے ہمیشہ سے ہی جگتیال کی ترقی کو اولین ترجیح دی۔کے سی آر نے چھوٹے اضلاع کے قیام کے ذریعہ ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کےلئے متعدد اقدامات روبہ عمل لائے تاکہ ہر موضع تک ترقی اور خوشحالی کے ثمرات پہنچے ۔جگتیال جیسے علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی تاکہ ایسے علاقہ جات کی ترقی میں کوئی کمی نہ رہے۔ان خیالات کا اظہار کے کویتا رکن قانون ساز کونسل بی آرایس نے کیا۔وہ حلقہ اسمبلی جگتیال کے بی آرایس قائدین اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔کویتا نے کانگریس حکومت کو شدید ہدف تنقید بنایا اور کہاکہ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکومت کو اقتدار کے محض دس ماہ میں ہی شدید عوامی مخالفت کا سامناکرنا پڑا۔انہوںنے رکن اسمبلی جگتیال سنجے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔سنجے نے بی آرایس پارٹی سے علیحدگی اختیار کی اور کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔کویتا نے پرزور انداز میںکہاکہ ایسے سیاستدانوں کو عوام کبھی بھی معاف نہیں کریںگے جو اپنے عہدوں سے مستعفی ہوئے بغیر پارٹیاں تبدیل کرتے ہیں۔رکن قانون ساز کونسل نے کہاکہ ایسی حرکتیں عوام کے اعتماد کو متزلزل کرتی ہیں۔کویتا نے کہاکہ بی آرایس پارٹی سنجے جیسے افراد کو اپنے لئے موزوں بھی نہیں سمجھتی۔کویتا نے جگتیال کے عوام کے ساتھ اپنے شخصی اور جذباتی لگاﺅ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ جب سال 2014میں وہ حلقہ لوک سبھا نظام آباد سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھیںتب حلقہ اسمبلی جگتیال سے سنجے کو انتخابات میں شکست کا سامنا کرناپڑاتھا۔اس وقت کے سی آرنے اس بات کو یقینی بنایاتھاکہ حلقہ اسمبلی جگتیال ترقی کے لحاظ سے آگے بڑھے چاہے وہاں رکن اسمبلی کانگریس کا ہی کیوں نہ ہو۔کویتا نے کہاکہ جگتیال میں 4500ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے بشمول بڑے پیمانے پر ترقیاتی پروجیکٹس کے سی آرکی عوامی خدمات کے عزم کا عین ثبوت ہیں۔انہوںنے بی آرایس کارکنا ن پر زور دیاکہ وہ کے سی آر دورحکومت کے ترقیاتی اور فلاحی کاموں سے عوام کو واقف کروائیں۔کانگریس حکومت کی ناکامیوں کو اجاگرکیاجائے۔انہوںنے کہاکہ بی آرایس پارٹی نے ہمیشہ سے ہی پارٹی کے حقیقی قائدین اور کارکنوں کو عزت اورقار بخشا ہے چاہے وہ انتخابی میدان میں کامیاب ہوئے ہوں یا ناکام ہوئے ہوں۔کویتا نے پرزورانداز میںکہاکہ کارکنان ابھی سے بلدی انتخابات کی بھر پور تیاری کریں اوراس بات کو یقینی بنائیں کہ جگتیال کے ہر گاﺅں میں گلابی پرچم لہرائے۔اپنے دورہ جگتیال کے موقع پر کویتا نے بی سی طبقات کے مختلف لیڈرس ‘تنظیموں کے ذمہ داران کے علاوہ یونائٹیڈ پھولے فرنٹ اور تلنگانہ جاگروتی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔انہوںنے اعلان کیاکہ وہ 25نومبر پیر کو 11بجے دن بی سی کمیشن کو اپنی رپورٹ پیش کریںگی۔کویتا نے بی آرایس کارکنوں پر زوردیاکہ وہ عوامی فلاح وبہبود کو اولین ترجیح دیں۔آئندہ انتخابات میں پارٹی کو مضبوط اور مستحکم بنانے کےلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔انہوںنے کہاکہ بی آرایس عوام کی خدمت کےلئے ہمیشہ تیار رہے گی۔