تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ریاست کی ترقی کوپٹری پر لانے ایک اور سنکلپ دیکشا ناگزیر

ریاست کی ترقی کوپٹری پر لانے ایک اور سنکلپ دیکشا ناگزیر
29نومبر کو میڑچل میں تلنگانہ تلی مجسمہ کی نقاب کشائی۔تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے کے ٹی آر کا خطاب

حیدرآباد۔24نومبر(آداب تلنگانہ نیوز) ریاست میں کانگریس کی جابرانہ حکمرانی کے چنگل سے چار کروڑ تلنگانہ عوام کی آزادی کا مطالبہ کرتے ہوئے کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے آج کہاکہ ریاست کی ترقی کے عزم کا اعادہ اور ترقی کے عمل کو دوبارہ پٹری پر لانے کےلئے ایک اور سنکلپ دیکشا ناگزیر ہے۔پارٹی قائدین کے ہمراہ تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے اعلان کیاکہ ریاست بھر میں 29نومبر کو دیکشا دیوس بڑے پیمانے پر منایاجائے گا۔ےہ دن 2009میں کے چندر شیکھر راﺅ کی طرف سے شروع کردہ بھوک ہڑتال کی یاد میں منایاجاتاہے۔کے سی آر کی بھوک ہڑتال نے ریاست تلنگانہ کے قیام میں اہم کرداراداکیاتھا۔آج ریاست تلنگانہ کو درپیش چیلنجس سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک کی وراثت کو برقرار رکھنے کےلئے اپنی پارٹی کے عزم مصمم کا اعادہ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ بھاری تعداد میں دیکشا دیوس میں شرکت کریں اور دیکشا دیوس کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں۔انہوںنے اعلان کیاکہ تلنگانہ کے تمام 33اضلاع میں دیکشا دیوس کا انعقاد عمل میں لایاجائے گا۔کے ٹی آر نے آنے والے پروگرام کو پارٹی کیڈر کےلئے ایک اور سنکلپ دیکشا قرار دیتے ہوئے کہاکہ سینئر قائدین کو ہرضلع کے انچارج کے طور پر ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔پروگرام کی کامیابی کےلئے 26نومبر کو انتظامات اور تیاریوں کے خصوص میں ضلعی سطح پر اجلاسوں کا انعقاد عمل میں لایاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ تلنگانہ تلی کے مجسمہ کی 9ڈسمبر کو میڑچل میں نقاب کشائی عمل میں لائی جائے گی اور دیکشا دیوس کے خصوص میں نمس ہاسپٹل کی اہمیت کو اجاگر کیاجائے گا ۔جس نے علیحدہ ریاست کی جدوجہد کے آخری مراحل کے دوران مرکزی حیثیت حاصل کی تھی۔اس موقع کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کارگزار صدر بی آرایس نے کہاکہ نمس میں بڑے پیمانے پر غریبوں کےلئے طعام کا نظم کیا جائے گا اور دیگر یادگاری پروگرامس منعقدکئے جائیںگے اور علیحدہ ریاست کی جدوجہد کے جذبہ کا جشن منایاجائے گا۔کے ٹی آر نے قومی جماعتوں بی جے پی اور کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کی موجودہ صورتحال تشکیل تلنگانہ سے قبل کے ایام کی یاددلاتی ہے۔انہوںنے پرزورانداز میں کہاکہ آج تمام شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد جیسے آٹو ڈرائیورس تا تعمیراتی مزدور ‘سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد تا خوشحال طبقہ مختلف مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہے۔ انہوںنے عوام پر زوردیاکہ وہ قومی جماعتوں کو سبق سکھائیں اور ان اقدار اور جذبات کو برقرار رکھیں جوریاست تلنگانہ کی تشکیل کا باعث بنے تھے۔اس موقع پر محمدمحمود علی سابق ریاستی وزیر داخلہ ورکن قانون ساز کونسل ‘سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی صنعت نگر سرینواس یادو‘سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی پرشانت ریڈی‘سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی سکندرآبادپدماراﺅ گوڑ‘رکن اسمبلی عنبر پیٹ کالیرووینکٹیش ‘رکن اسمبلی ایم گوپال مشیر آباداور دوسرے موجود تھے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button