امتحانی مرکز کے باہر شیرخوار کو سنبھالتے ہوئے باپ کی فوٹو وائرل
امتحانی مرکز کے باہر شیرخوار کو سنبھالتے ہوئے باپ کی فوٹو وائرل
منظر نے کئی افراد کے قلوب کو چھولیا۔ ماں گروپ III امتحان تحریر کررہی تھی
حیدرآباد۔17نومبر(آداب تلنگانہ نیوز) کریم نگر میں ایک شخص بچہ کو گود میں لئے بیٹھا تھا جب کہ اس کی بیوی گروپ III امتحان تحریر کررہی تھی۔ بچہ کو گود میں لئے شخص امتحان کے اختتام کا منتظر تھا۔ یہ تصویر کافی وائرل ہوئی اوریہ منظر کئی افراد کے دلوں کو چھولیا۔ واضح رہے کہ آج سے گروپ III امتحانات کا آغاز عمل میں آیا۔ مقامی سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس اور گروپس میں ایک تصویر وائرل ہوئی۔ ایک شخص شیر خوار بچہ کو گود میں لئے امتحان ہال کے باہر بیٹھا تھا۔ اس شخص کی شناخت شنکر کی حیثیت سے ہوئی جو اپنے دس ماہ کے لڑکے کو سنبھال رہا تھا۔ جب کہ اس کی شریک سفر سواپنا یہاں سدھارتھ ہائی اسکول میں گروپ III کا امتحان تحریرکررہی تھی۔ پیشہ کے اعتبارسے اکاﺅنٹنٹ شنکر اپنے بیٹے کو گود میں لئے بیٹھا ہواتھا ۔ امتحانی مرکز کے قریب ایک دوکان کے سامنے سمنٹ بنچ پر براجمان شنکر اور اس کے بیٹے کی تصویر کافی وائرل ہوئی۔ اس تصویر پر کئی سوشیل میڈیا صارفین نے تبصرہ کئے اور کہا کہ یہ ایک بہترین مثال ہے کہ ایک شوہر اس طرح ایک خاتون کو بااختیار بنانے کے لئے اہمیت کا حامل کردار ادا کررہا ہے۔