جماعت اسلامی ہند کے سہ روزہ اجتماع میں ادراک تحریک ایکسپو غیر معمولی کشش کا باعث
حیدرآباد: کل ہند اجتماع ارکان جماعت اسلامی ہند کے موقع پر ادراک – تحریک شوکیس نامی ایکسپو گذشتہ دو دنوں سے غیر معمولی کشش کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ 14 نومبر دوپہر 4 بجے انجام پائے افتتاح کے بعد سے ناظرین کی کثیر تعداد کے سبب "ادراک” ، اپنی وسعت کے باوجود تنگ دامنی کا شکار نظر آرہی ہے ۔ اکثر ناظرین نے اس وسیع ایکسپو کے تئیں خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔
یہاں موجود شرکائ نے بتایا کہ انھوں نے 3 قسطوں میں مشاہدہ کیا لیکن تشنگی ہنوز باقی ہے۔ مزید بتایا کہ ایکسپو نے ان کے اس اعتماد کو مضبوط کیا کہ مستقبل بہت روشن ہے ۔
مشاہدے کے دوران ہمیں یہ محسوس ہوا گوہا ایکسپو خاموشی سے یہ اعلان کررہی ہے کہ ٹیلینٹ، عزائم۔ کمٹمنٹ اور دیانت دارانہ جدوجہد کے جذبات سے ملت مالا مال ہے ۔ جو کمی کا رونا روتے ہیں۔ وہ آئیں اور دیکھ لیں ۔
خوبصورت بیرونی انٹرنس سے گذر کر ناظرین جب ادراک میں قدم رکھتے ہیں تو چھ وسیع و عریض پویلینس ، مشاہدے کی دعوت دیتے ہیں ۔
چیف آرگنائزر عتیق الرحمان کے مطابق "ادراک” بنیادی طور پر ملک گیر خدمات کی خاموش تفہیم کا ایک ذریعہ ہے ۔ اس کا آرٹسٹک لوگو تحریک کی شاہینی صفات کا آئینہ دار ہے ۔ یعنی جہد پیہم ، بلند پروازی ، بیباکی ، انتھک عمل ، اعلی عزائم، طاقت ، ویژن اور سطحی مقاصد سے دوری ۔
امیر جماعت اسلامی ہند سعادت اللہ حسینی نے ادراک کا افتتاح کیا اور فنکاروں کی تِخلیقی پیشکش کی ستائش کی ۔
ادارک، تحریکی سفر کی خاموش داستان انتہائی کریٹیو انداز کے ساتھ سیلف لرننگ پیرائے میں 90 شوکیس پر مبنی حسب ذیل 6 پویلینس کے ذریعے بیان کرتی ہے ۔
1. تکبیر: ملک میں دعوتی کام ، دعوتی مراحل ، اسلامی لٹریچر، دعوتی ادارے
2. تفکیر : فکر اسلامی، تحقیق و تصنیف، جرائد ،اشاعتی ادارے
3. تطہیر : مربی داعی رہنما پروجیکٹ ، تربیتی امور
4. تدبیر : سول رائٹس ، اوقاف امور ، میڈیا ، صحت عامہ ، معاشی ترقی ، تعلیم
5. تعمیر : عملی سماجی کام ، ویژن پروجیکٹ ، زکوۃ سینٹر، اشاعت اسلام، خصوصی تعلیمی ادارے ، آدی واسی پروجیکٹس
6. تنویر : علمی ادارے، الجامعہ، اسلامی اکیڈمی، اعلی تعلیمی ادارے ، CSR, جامعتہ الفلاح دیگر تعلیمی پروجیکٹس وغیرہ
16 اور 17 نومبر کے دوران صبح 9 تا 12 , دوپہر 3:30 تا 4:30 اور شام 6:30 تا 8:30 عوامی مشاہدے کے لیے ادراک کھلی رہے گی ۔
آخری دن یعنی 18 نومبر صبح 9 تا شام 6 بجے تک ادراک۔ سبھی ناظرین کے لیے کھلی رہے گی ۔
ادراک کوآرڈینیشن کمیٹی ممبر جناب ظفر الحسن نے اس موقع سے بھرپور مستفید ہونے کی اپیل کی ۔