تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

بی آرایس‘لگاچرلہ کے عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی

بی آرایس‘لگاچرلہ کے عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی
سنگاریڈی جیل میں محروس کسانوں سے کے تارک راماراﺅ کی ملاقات

حیدرآباد۔15نومبر(آداب تلنگانہ نیوز) لگاچرلہ کے 16کسان جنہیں جمعرات کو سنگاریڈی کی سنٹرل جیل منتقل کیاگیاتھا آج کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے سنگاریڈی جیل پہنچ کر ان سے ملاقات کی ۔کے ٹی آر کو دیکھ کر تمام کسان جذبات سے مغلوب ہوگئے۔کے ٹی آر نے کسانوں کو ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا اور انہیں تسلی دی۔محروس کسان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اورروپڑے۔کسانوں کو اشک بار دیکھ کر کے تارک راماراﺅ بھی قدرے جذباتی ہوگئے۔کسان اس تشویش میں مبتلا ہیں کہ کانگریس حکومت اراضیات حوالے کرنے تک ان پر متعدد مقدمات درج کرکے جیل میں ڈال دے گی تاہم کے ٹی آرنے کسانوں کو یقین دلایاکہ بی آرایس ماہر وکلاءسے بات کرے گی اور تمام محروس کسانوں کی ضمانت کے حصول کےلئے ہر ممکن مدد کرے گی۔کے ٹی آر نے کہاکہ ہفتہ اور اتوار کو تعطیلات ہیں ۔لہذا کسانوں کو آئندہ دنوں میں ضمانت مل سکتی ہے۔16کسانوں میں ایک کسان تشویش میں مبتلا ہے کہ اس کی حاملہ بیوی کو دواخانہ لے جانے والا کوئی نہیں ہے کیوںکہ اس کی بیوی کی ڈیلیوری کا وقت قریب ہے۔اس نے کہاکہ اس کی بیوی کو دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔سابق ریاستی وزیر ورکن قانون ساز کونسل بی آرایس ستےہ وتی راتھوڑ نے مذکورہ کسان کو یقین دلایاکہ وہ اس کی بیوی کی ڈیلیوری تک خیال رکھےںگی۔

کے ٹی آر کو ملاقات کے دوران بیک وقت صرف چار کسانوں سے بات کرنے کی اجازت دی گئی۔کسانوں نے اس بات کی شکایت کی کہ ان میں بیشتر نے عہدیداروں پر حملہ نہیں کیاہے۔آئی ٹی آئی کا ایک طالب علم جو حملہ کے بعد پیر کی شام کو اپنے والدین سے ملاقات کےلئے گاﺅں آیاتھا ۔اسے بھی پولیس نے حراست میں لے لیا اور ریمانڈ میں دے دیا۔ونپرتی میں آئی ٹی آئی میں زیر تعلیم طالب علم اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہے۔حیرت انگیز بات ےہ ہے کہ ایک پنچایت سکریٹری جس نے اپنے موضع سے چند کیلو میٹر کی دوری پر اپنی ڈیوٹی میں مردم شماری میں حصہ لیا۔اس کو بھی جیل میں ڈال دیاگیا۔پنچایت سکریٹری نے اس بات کا خدشہ ظاہر کیاکہ جھوٹے کیس کے باعث وہ اپنی ملازمت سے محروم ہوجائے گا۔راماراﺅ نے پنچایت سکریٹری کو یقین دلایاکہ جب تک عدالت سے اسے انصاف نہیں مل جاتا وہ اپنی لڑائی جاری رکھیںگے۔کے ٹی آر نے کہاکہ چونکہ حملہ میں پنچایت سکریٹری کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔لہذا قانونی جنگ میں ضرورکامیابی حاصل ہوگی۔واضح رہے کہ مجوزہ فارما کلسٹر کےلئے عوامی سماعت کے پروگرام کے دوران 11نومبر کو لگاچرلہ موضع میں دیہاتیوں کے ایک گروپ نے کلکٹر وقار آباد پرتیک جین اور دیگر عہدیداروں پر مبینہ طور پر حملہ کردیاتھا۔اس سلسلہ میں متعدد کسانوں کو گرفتار کیاگیا اور سنگاریڈی جیل منتقل کیاگیا۔محروس کسانوں سے کے ٹی آر کی ملاقات کے موقع پر بی آرایس لیڈرس ستےہ وتی راتھوڑ‘سرینواس گوڑ‘چنتا پربھاکر ‘انیل جادھو‘رویندر کمار اور دوسرے موجود تھے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button