تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

حضور آباد میں احتجاج کے دوران پولیس کی مداخلت, رکن اسمبلی کوشک ریڈی زخمی

حضور آباد میں احتجاج کے دوران پولیس کی مداخلت
رکن اسمبلی کوشک ریڈی زخمی ۔دواخانہ میں زیر علاج۔واقعہ کے باعث ہلکی سی کشیدگی ۔حالات قابو میں

حضورآباد۔9نومبر(آداب تلنگانہ نیوز)ضلع کریم نگر کے حضور آباد ٹاﺅن میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب کوشک ریڈی کے احتجاج کے دوران پولیس نے مبینہ طورپر سخت گیر روےہ اختیار کیا اور کوشک ریڈی کو تحویل میں لیتے ہوئے احتجاج کو برخاست کروایا۔پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کے باعث کوشک ریڈی کے داہنے ہاتھ میں موچ آگئی۔کوشک ریڈی کو حضور آباد کے دواخانہ سے رجوع کیاگیا جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔بعدازاں سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی کریم نگر گنگولا کملاکر ‘سابق رکن اسمبلی حسن آباد ستیش کمار نے کوشک ریڈی کو بہتر علاج ومعالجہ کےلئے اپولو ریچ ہاسپٹل کریم نگر منتقل کیا جہاں وہ زیر علا ج ہیں۔تفصیلات کے مطابق دلت خاندانوں کو دلت بندھو اسکیم کے تحت دوسرے مرحلہ میں رقومات کی فی الفور اجرائی کے مطالبہ پر حضور آباد میں احتجاجی دھرنا منظم کیاگیا۔ احتجاج میں حلقہ کے مختلف مواضعات سے دلت خاندانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کوشک ریڈی نے کہاکہ بی آرایس سربراہ وسابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راﺅ نے پائلٹ پروجیکٹ کے تحت حضور آباد حلقہ کا انتخاب کیاتھا اور دلت بندھو اسکیم کو روشناس کروایاتھا۔اس اسکیم کے تحت فی دلت خاندان کو 10لاکھ روپئے مالی امداد فراہم کرتے ہوئے روزگار کے مواقع اور معاشی طور پر مستحکم بنانے کے اقدامات کئے گئے تاہم اقتدار کی تبدیلی کے بعد ریونت ریڈی حکومت نے دلت بندھو اسکیم کو پس پشت ڈال دیا۔اسکیم پر عمل آوری کے مطالبہ اور حکومت پر دباﺅ ڈالنے کےلئے دلت بندھو اسکیم کے درخواست گزاروں کے ہمراہ احتجاج منظم کیاگیا۔اس دوران مقامی پولیس نے مداخلت کی اور کوشک ریڈی کو تحویل میں لے لیا۔احتجاج کو ختم کروادیاگیا۔پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کے باعث یہاں کشیدگی پیدا ہوگئی۔کوشک ریڈی کے داہنے ہاتھ میں موچ آئی۔اس واقعہ کے بعد حضور آباد میں ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی تاہم حالات قابو میں ہےں۔اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس حضور آباد سرینواس جی راﺅ کی راست نگرانی میں سب انسپکٹر شیخ یونس احمد علی نے صیانتی انتظامات روبہ عمل لائے.

متعلقہ مضامین

Back to top button