تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ریونت ریڈی کی پدیاترا زخم سے کافی دور مرہم کے مترادف

حیدرآباد میں متاثرین نلگنڈہ میں دورہ معنی خیز ۔کارگزار صدر بی آرایس کے ٹی آر کا ریمارک

حیدرآباد۔8نومبر(آداب تلنگانہ نیوز) کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے نلگنڈہ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی موسیٰ ندی پروجیکٹ پر پدیاترا کوکانگریس کی دہائیوں سے دریائے موسیٰ کو نظر انداز کرنے اور بحالی پروجیکٹ کے متاثرین کی مشکلات سے توجہ ہٹانے کےلئے سیاسی شعبدہ بازی سے تعبیر کیا۔انہوں نے ریونت ریڈی کو چیلنج کیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی جرات کرکے دکھائیںجن کے مکانات کوموسیٰ ندی کی بحالی کے پروجیکٹ کے حصہ کے طورپر مسمار کئے جانے کا خطرہ ہے۔کے ٹی آر نے کہاکہ آپ کی پدیاترا زخم سے دوا کو دور رکھنے کے مترادف ہے۔جب آپ کے موسیٰ پروجیکٹ کے متاثرین حیدرآباد میں ہےں اور آپ نلگنڈہ کا دورہ کررہے ہیں۔انہوںنے ریونت ریڈی کو ترقی کے نام پر ہزاروں خاندانوں کو بے گھر کرنے کا ذمہ دار قراردیا۔ایک بیان میں راماراﺅ نے کہاکہ جن مکانات کو مسمار کرنے کا خطرہ لاحق ہے ان لوگوں کے خدشات کو دور کرنے کے بجائے چیف منسٹر ہزاروں خاندانوں کو بے گھر کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں جبکہ حقیقی متاثرین سے کافی دور پدیاترا کا اہتمام کررہے ہیں۔کے ٹی آر نے متحدہ آندھرا پردیش میں یکے بعد دیگر کانگریس اور تلگودیشم کی حکومتوں کو موردالزام ٹھہرایا کہ ان حکومتوں نے دریائے موسیٰ کو ایک ڈرینج کنال میں تبدیل کردیا اور گزشتہ 60 برسوں سے اسے آلودہ رکھا۔

یہ پدیاترا آپ کی لاپرواہی کا شکار ہونے والوں کےلئے صرف اور صرف مگر مچھ کے آنسو بہانے کے مترادف ہے۔اگر آپ کو فی الواقعی متاثرین کی پرواہ ہوتی تو آپ فی الفور کسانوں سے معذرت خواہی کرتے اور راست طور پر پروجیکٹ کے متاثرین سے بات کرتے۔کارگزار صدر بی آرایس نے ریونت ریڈی پر وعدوں پر عمل آوری کے بجائے کمیشن کو ترجیح دینے کا الزام عائد کیا۔کے ٹی آر نے کہاکہ آپ کنسلٹنٹس کے ساتھ موسیٰ ”لوٹیفیکیشن“پروجیکٹ پر مشاورت میں دن گزار رہے ہیں جبکہ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کےلئے آپ کے پاس وقت نہیں ہے۔انہوں نے ریونت ریڈی سے مطالبہ کیاکہ وہ کسانوں سے معذرت خواہی کرےں کیوںکہ ان کی پالیسیوں کے باعث کسان کافی مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں۔انہوںنے بی آرایس قائدین اور کارکنوں کےخلاف پولیس کارروائی کی بھی شدید مذمت کی۔انہوںنے کہاکہ چیف منسٹر کی پدیاترا سے قبل کئی بی آرایس قائدین کو گرفتار کیاگیا یاپھر گھروں میں نظر بند کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ کانگریس حکومت نے گرفتاریوں کے ذریعہ اپوزیشن کی آواز کودبانے کو اپنا وطیرہ بنالیاہے۔ہمارے قائدین کی گرفتاری سے ےہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ کانگریس کو بدعنوانی اور نامکمل وعدوں پر استفسار کا خوف لاحق ہے۔انہوںنے سابق ارکان اسمبلی پربھاکر ریڈی ‘سی لنگیا کے بشمول تمام گرفتار قائدین کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کانگریس حکومت کی مبینہ بدعنوانیوں اور نامکمل وعدوں پر استفسار کرتے رہنے کا عزم کیا۔انہوںنے کہاکہ قیادت کے معنی تعمیر کے ہیں تباہ کرنے کے نہیں۔اگر آپ حکومت نہیں کرسکتے تو فی الفور بازو ہٹ جائیں۔

#Revanth Reddy padyatra

متعلقہ مضامین

Back to top button