تلنگانہ کے وزیرسیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے 44ویں ورلڈ ٹراویل مارکٹ میں ریاست کی نمائندگی کی
وزیرسیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے 44ویں ورلڈ ٹراویل مارکٹ میں ریاست کی نمائندگی کی، جس کا آغاز لندن کے ایکسل نمائش ہال میں ہوا۔تقریب کا موضوع ”سیاحت میں بہتری کیلئے ابھرتی ہوئی ٹکنالوجی کی صلاحیت“ کا مقصد سیاحت کی صنعت پر ترقی پذیر ٹکنالوجی کے اثرات کو ظاہر کرنا ہے۔یہاں ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر جوپلی کرشنارو نے برطانیہ میں ہندوستان کے ہائی کمشنر وکرم دوراسوامی اور مرکزی سیاحت کے ڈائرکٹر جنرل مگدھا سنہا کے ساتھ ہندوستان کے ”انکریڈیبل انڈیا” پویلین کے افتتاح کی تقریب میں شرکت کی۔کرشنا راؤ نے تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیرمین پٹیل رمیش ریڈی کے ہمراہ ڈبلیو ٹی ایم میں تلنگانہ کے اسٹال کا افتتاح کیا، جہاں ریاست کی جامع ثقافت اور تاریخی مقامات کو ڈیجیٹل شوکیس کے ذریعہ اجاگر کیا گیا۔تلنگانہ اسٹال نے بڑی تعداد میں شرکاکو اپنی طرف متوجہ کیا۔وزیر موصوف نے بین الاقوامی سیاحت کے نمائندوں اور ہندوستان کے مرکزی اور ریاستی سیاحت کے محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ باہمی سیاحت کی ترقی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے کئی اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے تلنگانہ کے سیاحت کے شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے لندن ٹی ایکسچینج کے چیئرمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے غیر ملکی سیاحوں کو تلنگانہ کی طرف راغب کرنے اور ریاست کے سیاحتی انفراسٹرکچر کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
#Telangana Tourism Minister K.T. Rama Rao at 44th World Travel Market