تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

سنگاریڈی میں ایک جوڑے کے پانچوں بچوں کو سرکاری ملازمتیں

سنگاریڈی میں ایک جوڑے کے پانچوں بچوں کو سرکاری ملازمتیں

حیدرآباد۔30اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)ضلع سنگاریڈی کے رائیکوڈ میں ایک غیر معمولی ریکارڈ کے طور پر ایک جوڑے کے پانچ بچوں نے سرکاری ملازمت کے حصول میں کامیابی حاصل کی۔پی رگھواریڈی اور شوبھماںجوڑے کو چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔تین بیٹیوں نے سرکاری ٹیچر بننے میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک بیٹی اور اکلوتے بیٹے کو پنچایت سکریٹری کا عہدہ حاصل ہوا۔ایک ہی خاندان کے پانچ بچوں کو سرکاری ملازمت کے حصول کے سارے شہر میں چرچے ہیں۔حال ہی میں منعقدہ اساتذہ کی بھرتی کے امتحان میں رگھوا ریڈی اور شوبھماں کی دوبیٹیوں کو ٹیچر کی ملازمت حاصل ہوئی۔رگھواریڈی اسسٹنٹ برانچ پوسٹ ماسٹر کے طور پر خدمات انجام دیں اور عہدہ سے وظیفہ پر سبکدوش ہوئے ہیں۔وہ اپنے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کےلئے زرعی کام بھی کیا کرتے تھے۔خوش قسمتی کی بات ہے کہ ان کے تمام بچے بچپن ہی سے تعلیمی میدان میں بہتر مظاہرہ کرتے تھے۔رگھواریڈی کی بڑی بیٹی کویتا کو سال 2012میں ٹیچر کی ملازمت حاصل ہوئی۔ بعدازاں دیگر دوبہنیں بھی بڑی بہن کویتا کے نقش قدم پر چل پڑیںاور ٹیچر کی ملازمتیں حاصل کرنے میں کامیا ب ہوئیں۔کویتا کے شوہر بھی گورنمنٹ ٹیچر ہیں ۔رگھواریڈی کی دوسری بیٹی کلپنا اور تیسری بیٹی ویرامنی نے سال 2024میں منعقدہ ڈی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کی اور ٹیچر کی ملازمت حاصل کیں۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رگھواریڈی نے کہاکہ وہ ہمیشہ اپنے بچوں کو سرکاری ملازمت کے حصول کی ترغیب دیتے کیوںکہ سرکاری ملازمتیں محفوظ ہوتی ہیں اور سرکاری ملازمت کے ذریعہ عوام کی خدمت بھی انجام دی جاسکتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان کے بچوں نے اپنے شاندار مظاہرہ کے ذریعہ ان کاسر فخر سے بلند کردیاہے۔اس جوڑے کے دوبچے پرتاب ریڈی اور جیوتی رانی ابھی بھی مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری کررہے ہیں۔اس جوڑے نے اپنی چاروںبیٹیوں کی شادی کردی ہے اور اب اپنے اکلوتے بیٹے کےلئے لڑکی تلاش کررہے ہیں۔ےہ پانچوں بہن بھائی ضلع سنگاریڈی کے نوجوانوں کےلئے تحریک کا ذریعہ بنے ہیں۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button