نہروزوالوجیکل پارک میں ژراف کی موت
نہروزوالوجیکل پارک میں ژراف کی موت
حیدرآباد۔29اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)نہروزوالوجیکل پارک میں پیرانہ سالی کی پیچیدگیوں کے باعث 20 سالہ نر ژراف سونامی بسنت کی موت واقع ہوئی۔چڑیا گھر کے عہدیداروں کے مطابق بسنت سونامی سانحہ کے دوران نیشنل زوالوجیکل پارک نئی دہلی میں پیدا ہواتھا اور اسے سال 2009میں جانوروں کے تبادلہ کے پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر نہرو زوالوجیکل پارک حیدرآباد منتقل کیاگیاتھا۔گزشتہ دوبرسوں سے بسنت اپنے پچھلے پیروں میں مرض گھٹیا میں مبتلا تھا اور چڑیا گھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر (ویٹرنری)ڈاکٹر ایم اے حکیم کی نگرانی میں اس کا علاج کیاجارہاتھا۔چڑیا گھر نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایاکہ وی بی آرآئی ویٹرنری کالج راجندرنگر ‘سی سی ایم بی ‘ایل اے سی او این ای ایس ودیگر کے ویٹرنری ماہرین نے ژراف کا پوسٹ مارٹم کیا تاکہ موت کی وجہ معلوم کی جاسکے۔تمام نمونے اکٹھا کئے گئے اور مزید جانچ کےلئے وی بی آرآئی کو روانہ کئے گئے۔چڑیاگھر کے کیوریٹر ڈاکٹر سنیل ایس ہیرمتھ اور عملے کے ارکان نے ژراف پر گلہائے عقیدت نچھاور کئے اور انکلوژرمیں دومنٹ کی خاموشی منائی گئی۔بسنت کی موت کے بعد چڑیا گھر میں اب صر ف ایک نر ژراف سنی باقی رہ گیاہے۔