تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

عوام یاد رکھیںگے آپ کتنے وعدے توڑتے ہیں اور کتنے گھرمسمار کرتے ہیں

عوام یاد رکھیںگے آپ کتنے وعدے توڑتے ہیں اور کتنے گھرمسمار کرتے ہیں
حیدرا متاثرین کی ہرممکنہ مدد کاعزم۔حیدرآباد کے عوام حکومت کی’ انارکی‘ کےخلاف اٹھ کھڑے ہوں:کے ٹی آر

حیدرآباد:28اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)کار گزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے آج کہاکہ کانگریس حکومت انہدامی کارروائیوں کے ذریعہ غریبوں میں دہشت کا ماحول پیدا کررہی ہے۔انہوںنے کہاکہ حالےہ انہدامی کارروائی کے باعث غریب مکین انتہائی اقدام پر مجبور ہوئے۔انہوںنے کوکٹ پلی کی ساکن بوچما کے غمزدہ افراد خاندان سے ملاقات کی ۔واضح رہے کہ بوچمانے مبینہ طور پر اس خوف سے خودکشی کرلی تھی کہ اس کے مکان کو حیدرا کے ذریعہ منہدم کردیاجائے گا۔کے ٹی آر نے کہاکہ بوچما کی موت خودکشی نہیں ہے بلکہ ےہ ایک قتل ہے جو کہ حیدرا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے کیاگیاہے۔کے ٹی آر نے غریبوں کو نشانہ بنانے والی انہدامی کاروائی کی شدید مذمت کی۔انہوںنے یاددلایاکہ حےدرا بغیر پیشگی اطلاع دیئے غریبوں کے مکانات کو مسمار کررہاہے۔یہاں تک کہ بچوں کو ان کے مکانات اور تعلیم سے محروم کیاجارہاہے۔کے ٹی آر نے نشاندہی کی کہ ایک کمسن لڑکی ویداشری کو روتے بلکتے چھوڑدیاگیاتھا جب اس کا گھر منہدم کیاجارہاتھا تب ویدا شری کو اس کی کتابیں لینے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔بوچما کے افراد خاندان کو مالی امداد کی فراہمی کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کارگزار صدر بی آرایس نے استفسار کیاکہ کیا حیدرا کے قوانین صرف غریبوں پر لاگو ہوتے ہیں؟۔

انہوں نے سوال کیاکہ ریونت ریڈی نے اپنے بھائی کو جو ایک جھیل کے قریب ایف ٹی ایل (فل ٹینک لیول )میں مقیم ہیں نوٹس روانہ کی جبکہ غریبوں کو کوئی نوٹس دیئے بغیر ان کے مکانات کو مسمار کردیاگیا۔کے ٹی آر نے کہاکہ ریاستی حکومت غریبوں کو ہراساں کررہی ہے اور بااثر افراد کو تحفظ فراہم کررہی ہے۔انہوںنے کانگریس کے روےہ کی شدید مذمت کی ۔کے ٹی آر نے کہاکہ مکانات کےلئے حکومت نے اجازتیں دی ۔ٹیکس حاصل کیا اور اب اتنے برسوں بعد غریبوں کے مکانات کو منہدم کیاجارہاہے۔کے ٹی آر نے پرزورانداز میں کہاکہ عوام ضرور یادرکھیںگے کہ آپ کتنے وعدے توڑتے ہیں اور کتنے گھرمسمار کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کانگریس حکومت مکانات کی تعمیر کے وعدے کو پورا کرنے کے بجائے غریبوں کے مکانات کو مسمار کررہی ہے۔انہوںنے کہاکہ کانگریس حکومت وعدے کے مطابق غریبوں کو مکانات کی تعمیر کےلئے 5لاکھ روپئے امداد بھی تاحال فراہم نہیں کی ہے۔انہوںنے کہاکہ کانگریس نظم ونسق بلڈرس کو بلیک میل کررہاہے۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ حیدرا کی کارروائی صرف اور صرف رقم بٹورنے کی کوشش ہے۔کے ٹی آر نے استفسار کیاکہ کیا حیدرا صرف وزراءکےلئے غریبوں کو خطرے میں ڈال کر بلڈرس کو دھمکانے اور پیسے بٹورنے کا ذریعہ ہے؟۔

کارگزار صدربی آرایس نے حیدرا متاثرین کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوںنے کہاکہ بی آرایس پارٹی غریبوں اور ضرورت مندوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی رہے گی اور کانگریس حکومت کے ظلم وستم کےخلاف آواز اٹھائے گی۔انہوںنے کہاکہ کانگریس کو اس کی حرکات پر جوابدہ بنایاجائے گا۔انہوںنے حیدرآباد کے عوام پر زوردیاکہ وہ کانگریس حکومت کی انارکی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔کے ٹی آرنے ویداشری کے مکان پہنچ کر بھی کمسن لڑکی سے ملاقات کی اور ویدا شری کو کتابیں ‘اسکول بیاگ اور دیگر اسٹیشنری کے علاوہ خاندان کو مالی امداد فراہم کی۔انہوںنے خاندان کو تسلی دی اور بی آرایس کی جانب سے ہرممکنہ تعاون اور قانونی مدد کا یقین دلایا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button