یکساں پالیسی کامطالبہ،اسپیشل فورس پولیس ملازمین کااحتجاج
مظاہروں سے گریز کرنے ڈی جی پی تلنگانہ کازور
حیدرآباد۔26اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز) تلنگانہ اسپیشل پولیس فورس کے کانسٹیبلس ان کی بیویوں کی جانب سے کئے جارہے احتجاج میں شامل ہوگئے۔ڈی جی پی جیتندر نے بیان جاری کرتے ہوئے زوردیا کہ ایسے مظاہروں سے گریز کیاجائے۔یہ کانسٹیبلس آرمڈریزرو اورسیول پولیس کی طرز پر مساوی پالیسی کامطالبہ کررہے ہیں۔ڈی جی پی نے کہاکہ ایسے احتجاج سے فورس کی شبیہ اورڈسپلن پر منفی اثرپڑے گا۔انہوں نے تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس فورس کے ملازمین پرزوردیا کہ وہ ڈسپلن کامظاہرہ کریں، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ڈی جی پی نے دوبارہ توثیق کی کہ تلنگانہ اسٹیٹ پولیس میں ڈیوٹی سسٹم کا قیام متحدہ آندھراپردیش میں بنایاگیا تھا جو متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بھی برقراررہا۔ڈی جی پی نے یقین دہانی کروائی کہ محکمہ پولیس ان ملازمین پولیس کی تشویش کو سنجیدگی سے لیتا ہے اور ہمدردانہ طورپران مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔انہوں نے ٹی جی ایس پی ملازمین اوران کے ارکان خاندان پر زوردیا کہ وہ مقررہ طریقہ کار جیسے عہدیداروں، کمانڈنٹس اور سینئر عہدیداروں بشمول اے ڈی جی پی ٹی جی ایس پی کے ساتھ ہونے والے دربار کے پروگرام کے مطابق اپنی تشویش کااظہار کریں۔ اسی دوران مختلف بٹالین کے اسپیشل پولیس ملازمین کے ارکانِ خاندان کا احتجاج آج جاری رہا۔ ورنگل کے مامنور بٹالین کمانڈنٹ آفس کے سامنے دھرنا دیا گیا۔ اس مظاہرہ کے حصہ کے طور پر نلگنڈہ میں 12ویں بٹالین کے پولیس ملازمین نے نلگنڈہ رورل کے سب انسپکٹر سائیدابابو کے خلاف نعرے بازی کی، جنہوں نے پولیس کے ارکانِ خاندان کے ساتھ نامناسب سلوک کیا۔ ملازمین پولیس کے ارکان خاندان نے رنگاریڈی ضلع کے ابراہیم پٹنم میں بھی احتجاج کیا۔ گوڈی پیٹ بٹالین کے اسپیشل پولیس ملازمین کے ارکان خاندان کی بڑی تعداد نے منچریال ٹاو¿ن میں برج پر راستہ روکو احتجاج کیا۔ مظاہرین نے آرمڈ ریزرو اور سیول پولیس کی طرح ان سے ڈیوٹی میں مساوی سلوک کا مطالبہ کیا اور یکساں پالیسی اختیار کرنے پر زور دیا۔
#Special Force Police