گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ہنگامی برقی معاملات سے نمٹنے کےلئے عصری گاڑیاں
ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا کے ہاتھوں افتتاح۔24گھنٹے خدمات
حیدرآباد۔21اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا نے آج گریٹر حیدرآباد کے حدود میں برقی کی تیزی کے ساتھ بحالی کے خصوص میں جدید تقاضوں سے لیس گاڑیوں کا افتتاح انجام دیا۔گریٹر حیدرآباد کے تمام 57ڈیویژنس میں ہنگامی خدمات سے نمٹنے کےلئے ایسی ہی خصوصی سہولتوں سے آراستہ گاڑیاں استعمال کی جائیںگی۔
ہر گاڑی میں ایک اسسٹنٹ انجینئر اور تین لائن ملازمین کو تعینات کیاجائے گا اور ےہ ٹیم 24گھنٹے برقی کے مسائل سے نمٹنے کےلئے دستیاب رہیںگی۔ہر گاڑی تمام ضروری حفاظتی آلات جیسے سیڑھی‘انسولیٹرس‘کنڈکٹرس اورکیبلز کے ساتھ ساتھ ارتھ راڈس اور ہیلمٹ سے لیس رہے گی۔
ےہ گاڑیاں ٹرانسفامرس کی منتقلی اور کم وقت میں ٹرانسفارمرس کی تبدیلی کی صلاحیت کی حامل ہیں۔ےہ گاڑیاں ٹی جی اے آئی ایم ایس (ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل ‘جی آئی ایس اسیٹس انسپکشن اینڈ مینٹننس سسٹم)موبائل ایپلیکیشن ایپ سے مربوط رہیںگی جن کے ذریعہ 33کے وی ‘11کے وی اورایل ٹی نیٹ ورک میں خامیوں کی نشاندہی کی صلاحیت موجود ہے ۔
ان گاڑیوں کو الیکٹرک ایمبولنس کہاجاسکتاہے جوکہ برقی سے متعلق ہنگامی معاملات کی فی الفور یکسوئی میں ممدومعاون ثابت ہوںگی۔اس طرح سے صارفین کو سرعت کے ساتھ بہتر خدمات دستیاب ہوںگی۔
ملو بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ مجھے توقع ہے کہ ےہ گاڑیاں شہر کے عوام کو شاندار خدمات فراہم کریںگی۔
#Modern vehicles for emergency power issues Hyderabad