حیدرآباد کے اشوک نگر چوراہے پر گروپ 1 کے امیدواروں کاایک مرتبہ پھر احتجاج
Group 1 candidates protest at Ashok Nagar Hyderabad
حیدرآباد کے اشوک نگر چوراہے پر گروپ 1 کے امیدواروں نے ایک مرتبہ پھر احتجاج کیا جس کے نتیجہ میں کشیدگی پھیل گئی۔احتجاج کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس کی بھاری تعداد تعینات کر دی گئی ہے۔ کئی امیدواروں نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ غریب اور پسماندہ طبقات کی آواز کو دبا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذہنی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جی او 29 کی وجہ سے ریزرویشن حاصل کرنے والے امیدوار عام زمرہ میں ملازمت کے اہل نہیں ہیں۔ امیدواروں نے کہا کہ صرف ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ امتحان دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ ان کی شکایت سنیں۔انہوں نے کہا کہ وہ مالی اور ذہنی طور پر پریشان ہیں، ان کی تکالیف سنی جائے۔ گروپ 1 امیدواروں کی میڈیا کانفرنس کو پولیس نے روک کر کئی طلبا کو حراست میں لے لیا۔ امیدواروں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے لاٹھی چارج نہ کرنے کی ہدایت کے باوجود پولیس نے ان کی بات کو نظرانداز کردیا۔ دوسری طرف احتجاجی طلبا نے کانگریس کے ہیڈکوارٹرس گاندھی بھون کے گھیراؤ کی اپیل کی ہے، جس کے نتیجہ میں وہاں بڑی تعداد میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔