پولیس اسٹیشن کے سامنے خود کوآگ لگالینے والے قبائلی شخص کی علاج کے دوران موت
پولیس اسٹیشن کے سامنے خود کوآگ لگالینے والے قبائلی شخص کی علاج کے دوران موت
بیوی سے ہوئے جھگڑے پر طلبی کے بعد پولیس کونسلنگ کو اچانک چھوڑکر پولیس اسٹیشن کے سامنے خود کوآگ لگالینے والے قبائلی کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔یہ واقعہ تلنگانہ کے جنگاوں ضلع میں گذشتہ روز پیش آیاتھا۔اس قبائلی نوجوان کی شناخت ایل سرینوکے طورپر کی گئی تھی جس کے بعد اس کو علاج کے لئے ورنگل ضلع کے ایم جی ایم اسپتال منتقل کیاگیا تھاجہاں اس نے ہفتہ کی صبح آخری سانس لی۔اطلاعات کے مطابق سرینوکے اس کی بیوی رادھیکاسے جھگڑے ہورہے تھے جس کی شکایت خاتون نے پولیس سے کی جس کے بعد پالاکرتی پولیس نے سرینو کو کونسلنگ کیلئے طلب کیاتاہم کونسلنگ کے دوران، سرینو اچانک پولیس اسٹیشن سے باہر چلا گیا جس نے اپنی موٹر سائیکل سے پٹرول کا کین نکالا اور اپنے اوپر ڈال کر خود کو آگ لگا لی۔ پولیس ملازمین نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔سرینو کو علاج کے لیے ایم جی ایم اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس اسٹیشن آنے سے پہلے، سرینو نے مبینہ طور پر ایک ویڈیو بنائی تھی جس میں اس نے پالاکرتی سرکل انسپکٹر مہندر ریڈی اور سب انسپکٹر سائی پرسنا کمار کے ساتھ ساتھ 6 دیگر افراد پر اسے ہراساں کرنے کا الزام لگایا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔