تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

موسیٰ ریور پروجیکٹ پر اتنا جنون اور پاگل پن کیوں؟ ریونت ریڈی سے کے ٹی آر کا استفسار

حیدرآباد۔18اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے ناقص حکمرانی پر ریونت ریڈی حکومت کو شدید ہدف تنقید بنایا۔انہوں نے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے جیسے نامناسب اور غیر ضروری پروجیکٹس کو آگے بڑھانے کی شدید مذمت کی۔کے ٹی آر نے سابق چیف منسٹر وبی آرایس سربراہ کے چندر شیکھر راﺅ کی قیادت میں حاصل کردہ تیز رفتار ترقی کا موجودہ کانگریس حکومت سے تقابل کیا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ کے سی آر کے دورحکومت میں ریاست تلنگانہ کو معاشی ترقی ‘آئی ٹی برآمدات اور ماحولیاتی استحکام میں سرفہرست مقام حاصل ہواتھا۔سوشیل میڈیا پلیٹ فارم Xپر کے ٹی آر نے کانگریس حکومت پر بے سمت ہونے اور الجھن پیدا کرنے پر تنقید کی۔

انہوں نے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پروجیکٹ کے خصو ص میں کانگریس کے جنون اور پاگل پن کا مذاق اڑایا اور اسے حقیقی ترقی سے توجہ ہٹانے سے تعبیر کیا۔انہوںنے کہاکہ کانگریس کو یہ نہیں پتہ کہ حکومت کس طرح کی جاتی ہے۔کے ٹی آر نے کہاکہ ریاست تلنگانہ موسیٰ پروجیکٹ پر 1.5لاکھ کروڑ روپئے ضائع کئے بغیر فی کس آمدنی اور جی ڈی پی کی ترقی میں سرفہرست مقام حاصل کیاتھا۔کارگزار صدر بی آرایس نے کہاکہ چندرشیکھر راﺅ کی قیادت میں تلنگانہ میںترقی کے ساتھ ساتھ آئی ٹی سیکٹر کو زبردست فروغ حاصل ہواتھا۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی جانب سے آئی ٹی آئی آر پروجیکٹ کو منسوخ کرنے اور ایک روپےہ بھی فنڈ فراہم نہ کرنے کے باوجود حیدرآبادنے آئی ٹی برآمدات میں بنگلور کو پیچھے چھوڑدیاتھا۔ ہم نے 2035کے آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو 2023تک 12سال قبل ہی پورا کرلیا۔کے ٹی آر نے نشاندہی کی کہ حیدرآباد نے موسیٰ ندی پروجیکٹ کے نام پر غریبوں کو بے گھر کئے بغیر دنیا کے بہترین گرین سٹی کا ایوارڈ حاصل کیا۔اس معاملہ میں ہم نے پیرس ‘بوگوٹا ‘مونٹریل اور میکسیکو جیسے عالمی شہروں کو پیچھے چھوڑدیا۔

انہوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ ملک بھر میں تخم کے ہب کے طور پر بھی ابھری تھی۔کے ٹی آر نے کانگریس پارٹی کی ”پیسے کے درمیان گھومنے والی اسکیمات“ کاتقابل کیا جوکہ موسیٰ ندی کے اردگرد گھوم رہی ہے۔انہوںنے سوال کیاکہ چیف منسٹر کو موسیٰ ندی پروجیکٹ اور فورتھ سٹی پروجیکٹ شروع کرنے کی آخر کیا ضرورت ہے۔کے ٹی آر نے ریونت ریڈی پر شدید تنقید کی اور کہاکہ ریونت ریڈی سرکاری اسکولوں کے متعلق ریمارکس کررہے ہیں۔کے ٹی آر نے نشاندہی کی کہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راﺅ کے ذریعہ شروع کردہ ریسیڈنشیل ویلفیر اسکولس کے طلبہ انگریزی زبان میں مہارت رکھتے ہیں اور انگریزی زبان میں روانی کے ساتھ بات کرتے ہیں ۔ریسیڈنشیل ویلفیر اسکولس کے متعدد طلبہ دنیا بھر کی مشہور ومعروف کمپنیوں میں برسرکار ہیں۔انہوںنے کہاکہ تلنگانہ کا عروج خالی وعدوں اور غلط طرز حکمرانی کے باعث نہیں بلکہ کے سی آر کی ویژنری قیادت کے باعث ممکن ہوا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button