تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

گروپ Iمینس امتحانات کےلئے موثر انتظامات کی ہدایت

زائد از 31ہزار امیدواروں کےلئے 46مراکز کا قیام

21تا27اکتوبر منعقد شدنی امتحانات کے خصو ص میں ویڈیو کانفرنس ۔چیف سکریٹری شانتی کماری کا خطاب

حیدرآباد۔17اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز) چیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری نے عہدیداران کو ہدایت دی کہ وہ 21تا27اکتوبر منعقد شدنی گروپIمینس امتحانات کے صاف وشفاف انعقاد کےلئے تما م انتظامات روبہ عمل لائیں۔چیف سکریٹری نے سکریٹریٹ سے ضلع کلکٹرس ‘پولیس کمشنرس اور متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ گروپI مین امتحانات کے خصوص میں ایک ویڈیو کانفرنس منعقد کی اور مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین مہیندر ریڈی ‘ ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر ‘سکریٹری کمیشن نوین نکولس‘ایم ڈی ایس پی ڈی سی ایل مشرف علی فاروقی ‘کمشنر محکمہ بہبودی خاندان کرنن‘حیدرآباد ‘رنگاریڈی‘میڑچل ملکاجگری کے ضلع کلکٹرس اندیپ ‘شیشانک‘گوتم اور دوسرے عہدیداران موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شانتی کماری نے کہاکہ گروپ Iمینس امتحانات میں 31,383 امیدواران شرکت کریںگے۔ انہوںنے کہاکہ ایچ ایم ڈی اے کے تحت 46امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔انہوںنے تمام امتحانی مراکز پر سخت چوکسی کا حکم دیا۔شانتی کماری نے کہاکہ تمام امور کو بغیر کوئی غلطی کے ساتھ انجام دیاجاناچاہئے۔ٹی جی پی ایس سی کے صدرنشین مہیندر ریڈی نے کہاکہ چونکہ ریاست تلنگانہ میں پہلی مرتبہ گروپI مینس کے امتحانات منعقد ہورہے ہیں ۔انہوںنے عہدیداران کو مشورہ دیاکہ وہ امتحانات کے خصوص میں بہت ہی احتیاط کے ساتھ اپنے فرائض کو انجام دیں۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں جہاں جدید ٹکنالوجی کا استعمال کیاجارہاہے وہیں سوشیل میڈیا سرگرم ہے۔امتحانات کا انعقاد بھی ایک چیلنج بن گیاہے۔اس تناظر میں مہیندر ریڈی نے مشورہ دیاکہ غلط فہمیوں اور افواہوں سے بچنے کےلئے تمام مناسب احتیاطی اقدامات روبہ عمل لائے جائیں۔

#Group I Mains Exams

متعلقہ مضامین

Back to top button