دہلی والوں کا کام روکنے کے لیے مجھے جیل بھیجا گیا: کیجریوال
Arvind Kejriwal Jail Statement
نئی دہلی، 16 اکتوبر: عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے آج کہا کہ دہلی والوں کے کام کو روکنے کے لئے انہیں جیل بھیجاگیا تھا مسٹر کیجریوال نے آج یہاں ایک عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے جس کے تحت پارٹی کارکنان 29 اکتوبر تک گھر گھر جا کر سابق وزیر اعلیٰ کو جیل بھیجنے کی اصل حقیقت بتائیں گے انہوں نے دہلی کے عوام کے نام اپنے خط میں کہا ‘ان لوگوں نے مجھے پانچ ماہ تک جیل میں رکھا۔ انہوں نے مجھے کیوں گرفتار کیا؟ اصل وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ سب جانتے ہیں کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کیا ۔ کیجریوال کرپشن نہیں کر سکتے۔ پھر انہوں نے مجھے کیوں گرفتار کیا؟ انہوں نے مجھے گرفتار کیا تاکہ میں دہلی میں آپ کے لیے جو کام کر رہا ہوں اسے روکا جاسکے اور جو سہولیات میں آپ کو فراہم کر رہا ہوں انہیں روکنے کے لیے۔
آپ کے لیڈر نے کہا “ان کی 22 ریاستوں میں حکومتیں ہیں۔ یہ لوگ وہاں دہلی حکومت کی طرح کام کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ وہاں کے عوام اب ان سے پوچھنے لگے ہیں کہ جو کام دہلی میں ہوا ہے وہ ان ریاستوں میں کیوں نہیں ہو رہا ہے۔ ان کے پاس اس بات کا کوئی جواب نہیں ہے۔ پنجاب میں ہماری جیت کے بعد انہیں لگنے لگا کہ اگر دہلی میں کام جلد بند نہ کیا گیا تو پورے ملک میں ان کی دکانیں بند ہو جائیں گی اور عام آدمی پارٹی پورے ملک میں آ جائے گی۔ پچھلے 10برسوں میں انہوں نے کئی بار لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے ذریعے دہلی کے کام کو روکنے کی کوشش کی، لیکن میں نے آپ کا کوئی کام نہیں رکنے دیا۔
دہلی سابق وزیراعلی نے اپنے خط میں کہا ’’وہ میرے کام سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ انہوں نے جیل میں ہر ممکن کوشش کی کہ میں بحفاظت باہر نہ آ سکوں۔ انہوں نے جیل میں میری دوائیں بند کر دیں۔ میں ذیابیطس کا مریض ہوں اور پچھلے 10برسوں سے روزانہ چار بار انسولین کے انجیکشن لگا رہا ہوں۔ انہوں نے جیل میں میرے انجیکشن بند کر دیئے۔ اس سے میرے گردے خراب ہو سکتے تھے اور میری موت بھی ہو سکتی تھی۔ ان کی تمام تر سازشوں کے باوجود میں خدا کے فضل، عوام کے کرم، آئین کی مضبوطی اور سپریم کورٹ کے انصاف کی وجہ سے جیل سے باہر آیا ہوں۔
مسٹر کیجریوال نے کہا ‘اب آپ صرف اپنے ووٹ کی طاقت سے دہلی کے کاموں اور سہولیات کو بچا سکتے ہیں۔ امید ہے کہ ہم مل کر آنے والے اسمبلی انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے بی جے پی کے کام کو روکنے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ دہلی میں تمام کام جاری رکھنے کے لیے آپ دوبارہ عام آدمی پارٹی کی حکومت بنائیں گے۔ آپ کے ووٹ کی حمایت سے میں دوبارہ وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالوں گا اور آپ کے تمام کام پہلے کی طرح مکمل کروں گا۔