ترقی یافتہ ہندوستان کو سمجھنے میں تخلیقی صلاحیت اور تجارتی جذبہ کلیدی حیثیت کا حامل:گورنرتلنگانہ
ترقی یافتہ ہندوستان کو سمجھنے میں تخلیقی صلاحیت اور تجارتی جذبہ کلیدی حیثیت کا حامل:گورنرتلنگانہ
تلنگانہ کے گورنر جشنو دیو ورما نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ہندوستان کو سمجھنے میں تخلیقی صلاحیت اور تجارتی جذبہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ حیدرآباد میں فٹ ویئر ڈیزائن اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (ایف ڈی ڈی آئی) کے چوتھے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے فٹ ویئر مینوفیکچرنگ شعبہ میں تخلیقی صلاحیتوں اور تجارتی ذہانت کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختراعی مصنوعات تب ہی سامنے آتی ہیں جب سائنس اور آرٹ اکٹھے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فنکارانہ تخلیق ہی ہندوستان کو عالمی سطح پر نمایاں کرتی ہے۔ انہوں نے فٹ وئیر کے میدان میں مختلف کورسس کے تمام فارغ التحصیل افراد کو ترقی یافتہ ہندوستان میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔انسٹی ٹیوٹ کے کورسس میں کامیاب ہونے والوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خواتین کو بااختیاربنانے کی عکاس ہے۔قبل ازیں اسپیشل چیف سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن نے کہا کہ میک ان انڈیا جیسے مختلف سرکاری اقدامات کی وجہ سے چرم کی صنعت کی توجہ چین سے ہندوستان کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے درخواست کی گئی ہے کہ ورنگل کے قریب میگا لیدر پارک کی منظوری دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں چرم کی صنعت کو نمایاں فروغ مل رہا ہے۔ جملہ 108 طلباء نے اپنا گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کورس مکمل کیا اور آج اپنی ڈگریاں حاصل کیں۔ گورنر نے مختلف مضامین میں بہترین نتائج حاصل کرنے والے طلباء کو گولڈ میڈل سے نوازا۔