تلنگانہ حکومت کے سروے میں مسلمانوں اور اقلیتوں کو نظر انداز کرنا، فرقہ پرستی کی بدترین مثال – عبدالہادی ایڈوکیٹ.
تلنگانہ حکومت کے سروے میں مسلمانوں اور اقلیتوں کو نظر انداز کرنا، فرقہ پرستی کی بدترین مثال – عبدالہادی ایڈوکیٹ
محبوب نگر 13 اکتوبر (آداب تلنگانہ نیوز) محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ صدر مجلس اتحاد المسلمین ضلع محبوب نگر، نے تلنگانہ کی کانگریس حکومت کی جانب سے پسماندہ طبقات، ایس سی، ایس ٹی طبقات اور غریبوں کے سماجی، معاشی، تعلیمی، روزگار اور سیاسی حقوق کی نشاندہی کے لیے کیے جانے والے گھر گھر سروے (جی او نمبر 180، مورخہ 10 اکتوبر 2024) کے احکامات جاری کرنے کے دوران مسلمانوں اور دیگر اقلیتی طبقات کو دانستہ طور پر نظر انداز کرنے کو آر ایس ایس اور بی جے پی کی فرقہ پرستی سے بھی بدتر سرکاری شر پسندی کی مثال قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور جی او نمبر 330، مورخہ 11 اکتوبر 2024، جو اندرما ہاؤسنگ اسکیم کے تحت گرام پنچایت اور بلدی حلقوں کی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل کے بارے میں ہے، اس میں بھی مسلمانوں کی نمائندگی کو نظر انداز کیا گیا ہے، جو افسوسناک اور دفتری سطح پر بی جے پی اور ہندوتوا تنظیموں کی فرقہ پرستی کا ثبوت ہے۔ عبدالہادی نے تلنگانہ کے چیف منسٹر اور مسلمانوں کی نمائندگی کے لیے نامزد رکن قانون ساز کونسل، عامر علی خان، اور حکومت کے اقلیتی امور کے مشیر شبیر علی کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اس فرقہ وارانہ زیادتی کا نوٹس لیں اور ریونت ریڈی کی حکومت کے بدنیتی پر مبنی ان احکامات کی فوری تصحیح کروا کر مسلمانوں کے حقوق کو یقینی بنائیں.