تلنگانہ میں ماہ نومبر میں گروپIII کے امتحانات ٹی جی پی ایس سی کی جانب سے انتظامات۔ طلبہ کےلئے ہدایتیں جاری
تلنگانہ میں ماہ نومبر میں گروپIII کے امتحانات
ٹی جی پی ایس سی کی جانب سے انتظامات۔طلبہ کےلئے ہدایتیں جاری
حیدرآباد۔12اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)ریاست تلنگانہ میں گروپ IIIامتحانات 17اور18نومبر کو منعقد ہوںگے ۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن(ٹی جی پی ایس سی )نے امیدواروں کےلئے ہدایتیں جاری کی ہیں ۔خاتون امیدواروں سے کہاگیاہے کہ وہ منگل سوتر‘چوڑیاں اور کوئی دوسرا زیور بھی نہ پہنیں ۔تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے نومبر میں منعقد شدنی گروپ IIIامتحانات کےلئے انتظامات میں سرعت پیدا کردی ہے۔کمیشن نے اعلان کیاہے کہ 17اور18نومبر کو 3سیشنس میں امتحانات کا انعقاد عمل میں آئے گا۔امتحانات میں تاخیر سے آنے والوں کو شرکت کی اجازت نہیں رہے گی۔آدھا گھنٹہ قبل دروازے بند کردیئے جائیںگے۔ٹی جی پی ایس سی کے سکریٹری نوین نکولس نے کہاکہ پہلے سیشن میں صبح 9.30بجے اور دوسرے سیشن کےلئے دوپہر2.30بجے دروازے بند کردیئے جائیںگے۔کمیشن نے بتایاکہ اوایم اے آر طریقہ کار کے مطابق امتحانات کا انعقا دعمل میں آئے گا۔امیدواروں کو پہلے سیشن کےلئے 8.30بجے اور دوسرے سیشن کےلئے 1.30بجے امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔امیدواروں کو تلگو ‘انگریزی یا انگریزی‘ اردو زبانوں میں سوالےہ پرچہ فراہم کئے جائیںگے۔ سوالےہ پرچوں کی فراہمی درخواستوں کے ادخال کے وقت زبانوں کے انتخاب کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔ایک ہی ہال ٹکٹ تینوں سیشنس کےلئے رہے گا۔خاتون امیدواروں کو منگل سوتر ‘چوڑیاں اور کوئی دوسرا زیور پہننے کی اجازت نہیں رہے گی۔امتحان ہال میں ایک دوسرے سے بات چیت کرنا ‘اشیاءکے تبادلہ ‘نعرے لگانے یا امتحان میں خلل اندازی پر امیدواروں کو نااہل قرار دیاجائے گا۔تلبیس شخصی پر فوجداری مقدمات کا اندراج عمل میں لایاجائے گا۔