راہول گاندھی جی بے روزگار نوجوان آپ کے وعدوں کی تکمیل کے منتظر: کے ٹی آر
راہول گاندھی جی بے روزگار نوجوان آپ کے وعدوں کی تکمیل کے منتظر: کے ٹی آر
کارگزار صدر بی آر ایس و رکن اسمبلی سرسلہ کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ کے نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنے پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی پر طنز کیا اور انہیں اپنی ضمانتوں کی کامیابی کا جشن منانے کے لئے حیدرآباد آنے کی دعوت دی۔ ان کے ریمارکس کا مقصد راہول گاندھی کی جانب سے اشوک نگر کے دورہ کے دوران دو لاکھ سرکاری ملازمتیں، یووا وکاسم اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپے کی امداد اور اندرون ایک سال تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن (TGPSC) کی اصلاح سے متعلق وعدوں کو یاد دلانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی جی، اشوک نگر کے نوجوان ایک سال میں دو لاکھ نوکریاں دینے کے لئے آپ کا شکریہ ادا کرنے کے منتظر ہیں۔ وہ 5 لاکھ روپے کی یووا وکاسم امداد اور TGPSC کی اصلاح کے لئے بھی اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں۔ نوجوانوں سے ملنے کے لئے حیدرآباد میں دوبارہ آمد پر خوش آمدید کیونکہ آپ کی ضمانتیں پوری ہوئی ہیں۔
راما راؤ کا بیان راہول گاندھی کے نومبر 2023 کے اعلان کی ایک واضح یاد دہانی کے طور پر سامنےآیا ہے، جہاں انہوں نے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے تحت بی آر ایس حکومت پر نوجوانوں کو مایوس کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔اشوک نگر میں اپنی تقریر کے دوران راہول گاندھی نے چندر شیکھر راؤ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ نوجوانوں کی روزگار کی ضروریات کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے جاب کیلنڈر کے ساتھ تیزی سے کارروائی کا وعدہ کیاتھا۔ ایک سال میں دو لاکھ سرکاری ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے، یو پی ایس سی کے معیارات کے مطابق ٹی جی پی ایس سی میں اصلاحات اور یووا وکاسم اسکیم کے ذریعہ بے روزگار نوجوانوں کو 5 لاکھ روپے کی امداد کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔
راہول گاندھی نے اعلان کیا تھا کہ ہمارے نوجوانوں کا مستقبل کانگریس کی عوامی سرکار کے ہاتھوں میں محفوظ ہے – یہ میری ضمانت ہے۔ تاہم راما راؤ کے طنزیہ ریمارکس نے اس بات کی نشاندہی کی کہ کانگریس لیڈر ان یقین دہانیوں کو پورا کرنے میں بالکلیہ طورپر ناکام ہو چکے ہیں۔ یہاں تک کہ نوجوان ان فوائد کا انتظار کر رہے ہیں جن کی راہول گاندھی نے ایک سال قبل ضمانت دی تھی۔