اسپورٹس ؍ کھیل

آغا سلمان کی سنچری، پاکستان نے پہلی اننگ میں 556 رنز بنائے

آغا سلمان کی سنچری، پاکستان نے پہلی اننگ میں 556 رنز بنائے

ملتان، 8 اکتوبر : پاکستان نے منگل کو پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آغا سلمان (ناٹ آؤٹ 104) کی شاندار سنچری کی بدولت پہلی اننگ میں انگلینڈ کے خلاف 556 رن بنائے۔
پاکستان نے کل کے چار وکٹوں پر 328 رنز سے آگے کھیلتے ہوئے صبح 60 رن جوڑے تھے کہ بائیڈن کارس نے نسیم شاہ (33) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد محمد رضوان (0) کو جیک لیچ نے پویلین بھیج دیا۔ اپنی سنچری کی طرف بڑھنے والے سعود شکیل (82) کو شعیب بشیر نے روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ اس کے بعد عامر جمال (سات) رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ لنچ کے بعد، 515 میں مزید 41 رنز جوڑ کر پاکستان نے اپنے دونوں وکٹ گنوادئے اور اس کی پہلی اننگ 556 رنز پر ختم ہوئی۔ جیک لیچ نے شاہین شاہ آفریدی (26) کو بولڈ کرکے انگلینڈ کو نویں کامیابی دلائی۔ اس دوران آغا سلمان نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ سلمان نے اپنی (ناٹ آؤٹ 104) رنوں کی سنچری اننگ 10 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اس کے بعد جو روٹ نے ابرار احمد کو آؤٹ کر کے پاکستان کی اننگ کا خاتمہ کیا۔ پاکستان نے 149 اوورز میں 556 رنز بنائے۔
اس سے قبل کل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بلے بازی کرنے اتری پاکستان کا آغاز اچھا نہیں رہا پانچویں اوور میں گس ایٹکنسن نے صائم ایوب (چار) کو وکٹ کیپر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کروا کر انگلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد شان مسعود کی شاندار (151) اور عبداللہ شفیق (102) کی سنچریوں کی بدولت پہلے دن چار وکٹوں پر 328 رنز بنائے۔ 60ویں اوور میں گس اٹکنسن نے عبداللہ شفیق (102) کو آؤٹ کر کے دوسرے وکٹ کے لیے 253 رنز کی شراکت کو توڑا۔ 64ویں اوور میں جیک لیچ نے شان مسعود (151) کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ بحیثیت کپتان شان مسعود نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ یہ ان کی بطور کھلاڑی 5ویں ٹیسٹ سنچری ہے۔ دوسری جانب عبداللہ شفیق نے 184 گیندوں پر (102) رنز بنائے۔ اس کے بعد بابر اعظم (30) کو ووکس نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ گس اٹکنسن اور بائیڈن کارس نے دو دو وکٹ لئے۔ کرس ووکس اور شعیب بشیر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button