تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ملعون یتی نرسنگھانند کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

مسلم قائدین کا وفد ڈی ایس پی محبوب نگر سے ملاقات سخت مقدمات درج کرنے کی درخواست دی.

ملعون یتی نرسنگھانند کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ- مسلم قائدین کا وفد ڈی ایس پی محبوب نگر سے ملاقات سخت مقدمات درج کرنے کی درخواست دی

محبوب نگر 5 اکتوبر (آداب تلنگانہ نیوز) گستاخ یتی نرسنگھانند کی جانب سے حضور سرورِ کائنات ﷺ کی شانِ اقدس میں گستاخانہ کلمات کے خلاف آج ملی محاذ کے زیر اہتمام محبوب نگر کے مسلمانوں نے احتجاج کیا۔ اس موقع پر خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ (سرپرست ملی محاذ)، محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ (صدر ضلع مجلس)، مقصود بن احمد ذاکر ایڈوکیٹ (معتمد مجلس)، محمد تقی حسین تقی (کنوینر ملی محاذ)، حافظ ادریس سراجی، مرزا قدوس بیگ (کو کنوینرز)، عبداللہ سنی (کنوینر لیگل سیل)، محمد معیز، نور اللہ خان اور متین الرحمن (جائنٹ کنوینرز) پر مشتمل وفد نے ڈی ایس پی محبوب نگر وینکٹیشورلو سے ملاقات کی اور یتی نرسنگھانند کے خلاف سخت مقدمات درج کرنے کی درخواست دی۔ اس موقع پر قائدین نے ڈی ایس پی سے مطالبہ کیا کہ یتی نرسنگھانند جو کہ مسلمانوں کی دل آزاری کا عادی ہو چکا ہے، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ اسے عبرتناک سزا ملے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ نے کہا کہ اگر حکومتِ اتر پردیش اس ملعون کو اس کی سابقہ گستاخیوں پر سزا دیتی تو آج وہ دوبارہ ایسی گستاخی کرنے کی جرأت نہ کرتا۔ محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ نے کہا کہ یتی نرسنگھانند کے خلاف پورے ملک کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ملک بھر میں مسلمانوں کی جانب سے اس کے خلاف شکایات درج کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ملعون کے خلاف فوری سخت اقدامات کیے جائیں ورنہ مسلمان جمہوری احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔مقصود بن احمد ذاکر ایڈوکیٹ نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ یتی نرسنگھانند کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے۔ محمد تقی حسین تقی نے کہا کہ ریاست بھر کے مسلمانوں کی جانب سے جو شکایات دی جا رہی ہیں، ان پر فوری ایف آئی آر درج کرتے ہوئے اس گستاخ کو گرفتار کر کے حیدرآباد لایا جائے اور ریاستی عدالتوں میں اس کے خلاف مقدمہ چلایا جائے، ورنہ احتجاج کا راستہ کھلا رہے گا۔ اس موقع پر ملی محاذ کے دیگر قائدین محمد بشیر، عمران قریشی، شیخ غوث، مرزا جاوید بیگ، محمد عبد العلیم صدیقی (صحافی)، مجلسی قائدین محمد الیاس مجاہد قادری، محمد سجو ودیگر افراد بھی موجود تھے.

متعلقہ مضامین

Back to top button