پیغمبر اسلام ؐکی شان میں گستاخی کرنے والوں کو تا حیات جیل کی سزاء ضروری
غازی آباد کے مہنت کی شرپسندانہ حرکتیں ملت اسلامیہ کے لئے ناقابل برداشت۔ مولانا جعفر پاشاہ کا بیان
پیغمبر اسلام ؐکی شان میں گستاخی کرنے والوں کو تا حیات جیل کی سزاء ضروری
غازی آباد کے مہنت کی شرپسندانہ حرکتیں ملت اسلامیہ کے لئے ناقابل برداشت۔ مولانا جعفر پاشاہ کا بیان
امیر امارت ملت اسلامیہ تلنگانہ وآندھراپردیش حضرت مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے محسن انسانیت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں بیہودہ گوئی وزبان درازی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ اس طرح کی جاہلانہ وشرپسندانہ حرکتوں سے پیغمبر اسلام ؐکی شان میں قیامت تک کوئی کمی ہرگز آنے والی نہیں ہے لیکن ان گستاخیوں پر اہل ایمان خاموش بھی نہیں رہ سکتے۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد کے ایک مندر کے مہنت کی جانب سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکت پر زبان درازی انتہائی دلآزاری اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنا ہے۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ اس خبیث نے اس طرح کی تکلیف دہ حرکت اسی لئے دوبارہ کی ہے کہ وہ ابھی تک قانون کی گرفت سے آزاد ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کو چاہئیے کہ وہ اس کا سخت نوٹ لے۔ پیغمبراسلامؐ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو تاحیات قید کی سزاء ہونی چاہئیے۔ مولانانے کہا کہ ایسے گستاخوں کو ڈھیلی ڈوری کی وجہ سے ہی حالات خراب ہوتے ہیں، گستاخ آزاد گھومتے ہیں اور جمہوری احتجاج کرنے والے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈھکیل دئیے جاتے ہیں۔ امن اور سکون کی فضاء برباد کرنے والوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا وقت کاتقاضہ ہوتا ہے۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ مسلمانوں کا یہ طرہ امتیاز رہا ہے کہ وہ کسی بھی مذہب کے بڑوں کی توہین نہیں کرتے اور نہ کسی دیوی دیوتاؤں کو بُرا بھلا کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیگر مذاہب کے جو شریف النفس لوگ ہوتے ہیں وہ بھی کبھی اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف لب کشائی نہیں کرتے۔سب ہی اقوام کے عام آدمی ہوں یا ذی اثر حضرات سب ہی دل وجان سے پیغمبر اسلام کا احترام کرتے ہیں۔مولانا جعفر پاشاہ نے یاد دلایاکہ ہمارے ملک میں اب بھی بے شمارسادھو اور سنت ہیں جو مذہب اسلام کی سچائی ‘ وحدانیت اور حق پرستی کے دل وجان سے قائل ہیں۔ کئی غیر مسلم بھائیوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے متاثر ہوکر نعتیہ کلام لکھاہے۔ کئی سنت سادھو سیرت النبی صلعم کے جلسوں میں نہ صرف شریک ہوتے ہیں بلکہ آپ صلعم کی محبت و عشق میں ڈوب کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے اور نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں اور یہ سلسلہ برسوں سے چلا آرہاہے۔مولانا جعفر پاشاہ نے کہاکہ غازی آباد کے ملعون نرسنگھا نند کے شرپسندانہ وگستاخانہ ویڈیو کو چیانلس پر جاری رکھنے پر بھی فوری پابندی ضروری ہے۔ یہ نفرت انگیز ویڈیو جو کہ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوچکا ہے اسے روکنے کی سخت ضرورت ہے۔ مولانا نے مسلمانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اگر اس ویڈیو کو پائیں تو فوری ڈیلٹ کردیں کسی کو فارورڈ نہ کریں اور اس ملعون کو تاحیات جیل کی سزاء کے لئے مکمل پُر امن جمہوری احتجاج کریں جوکہ ہمارا جائز ودستوری حق ہے۔ مولانا نے کہاکہ مسلمان اپنے نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کو دنیا بھر کی تمام نعمتوں ‘ مال ودولت حتیٰ کہ اپنی اولاد اور جان سے بڑھ کر عزیز رکھتے ہیں اور اگر کوئی حضور اکرم صلعم کی شان مبارک میں بدتمیزی وبدگوئی کرتا ہے تو یہ ہرگز برداشت کے قابل نہیں ہے۔ ملعون نرسنگھانند ‘ ہندو قوم میں جلد اور سستی شہرت پانے یا سیاسی میدان میں جگہ بنانے کی خاطر ایسی خبیث حرکت کررہا ہے تو اُسے جان لینا چاہئیے کہ ہزاروں نہیں لاکھوں ‘ کروڑوں امن پسند و شریف النفس ہندو بھائی بھی اس کی اس شرپسندانہ حرکتوں کو ہرگز پسند نہیں کرتے۔مولاناجعفر پاشاہ نے مرکزی وزیر داخلہ سے خواہش کی کہ وہ اس مہنت کے مفسدانہ اور امن امان کو متاثر کرنے والے بیانا ت کا فوری نوٹ لے کرحقیقی کاروائی کرتے ہوئے اس کو اس کے اصل مقام جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچادیں۔