کونڈاسریکھا کا اداکارہ سامنتاسے متعلق بیان
جونیراین ٹی آرکاشدیدردعمل
حیدرآباد۔3اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز) تلگو فلموں کے مشہور اداکار جونیر این ٹی آر نے تلنگانہ کی خاتون وزیر کونڈا سریکھا کی جانب سے اداکارہ سامنتا سے متعلق دیئے گئے بیان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے جونیر این ٹی آر نے سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے درخواست کی کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف گھٹیا ریمارکس اور الزامات عائد کرنے کے بجائے عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دیں۔ اداکار نے کہا کہ سیاسی لیڈروں کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف الزامات اور جوابی الزامات عائد کرنا ایک عام بات ہے لیکن کسی کو شخصی طور پر تنقید کا نشانہ بنانا یا کسی کی عزت کو تار تار کرنا گھٹیا حرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی لیڈران عوامی مسائل سے انحراف کرتے ہوئے شخصی تنقیدیں کررہے ہیں خاص طور پر خواتین کے خلاف توہین آمیز ریمارکس اور بیانات دے رہے ہیں،یہ سماج کے لئے مناسب نہیں ہے کیونکہ ہماری تہذیب خواتین کا احترام کرتی ہے اور عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ایک خاتون کی جانب سے دوسری خاتون کی توہین اچھی بات نہیں ہے یہ ہماری تہذیب نہیں ہے اس سے نئی نسل میں غلط پیغام جائے گا۔انہوں نے کہا”میں یہ بات متاثرہ خاندان کے ایک فرد کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک شوہر، ایک باپ اور ایک بھائی کی حیثیت سے کررہا ہوں کیونکہ مجھے اس واقعہ سے کافی دلی تکلیف پہنچی ہے“۔