صدرجمہوریہ ہند کے دورہ کے پیش نظر موثر انتظامات کی ہدایت
اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں مختلف امور کاجائزہ ۔چیف سکریٹری شانتی کماری کا خطاب
صدرجمہوریہ ہند کے دورہ کے پیش نظر موثر انتظامات کی ہدایت
اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں مختلف امور کاجائزہ ۔چیف سکریٹری شانتی کماری کا خطاب
حیدرآباد۔21ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو کے 28ستمبر کودورہ تلنگانہ کے خصوص میں چیف سکریٹری شانتی کماری نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس کاانعقاد عمل میں لایا اوراس خصوص میں انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیا۔شانتی کماری نے بتایاکہ صدرجمہورےہ ہند مرمو اپنے ایک روزہ دورہ کے دوران صبح میں نلسار یونیورسٹی آف لاءکے کانووکیشن میں شرکت کریںگی بعد ازاں شام میں صدرجمہوریہ ہند راشٹرپتی نیلائم میں بھارتیہ کلا مہوتسو کا افتتاح انجام دیںگی۔چیف سکریٹری نے عہدیداران کو ہدایت دی کہ وہ تمام انتظامات کو مناسب اور موثر طور پر قبل از وقت انجام دیں۔تمام محکمہ جات تال میل کے ساتھ کام کریں ۔محکمہ پولیس کو ہدایت دی گئی کہ وہ سیکورٹی کے مناسب انتظامات‘ نظم وضبط ‘ٹریفک اور بندوبست کے خصوص میں تمام اقدامات روبہ عمل لائے۔اسی طرح طیرانگاہ ‘راشٹرپتی نیلائم اور تمام مقامات پر آتش فروعملہ کو بھی تیار رکھاجائے۔محکمہ صحت کے عہدیداران کو ہدایت دی گئی کہ وہ لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ عملہ کی خدمات بھی دستیاب رکھیں۔اسی طرح محکمہ آر اینڈ بی کو ہدایت دی گئی کہ وہ کنٹونمنٹ بورڈ اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداران کے ساتھ تال میل کے ذریعہ صدرجمہورےہ ہند کے قافلہ کے راستوں پر سڑکوں کی مرمت کاکام شروع کرے۔محکمہ جنگلات کو راشٹرپتی نیلائم میں سانپوں کو پکڑنے والوں کے ساتھ ساتھ خصوصی ٹیمیں روانہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اسی طرح راشٹرپتی نیلائم اوراطراف واکناف میں بندروں کے خطرے اورشہد کی مکھیوں کے چھتوں سے نمٹنے کےلئے بھی خصوصی ٹیمیں تیار کی جائیں۔محکمہ برقی کو ہدایت دی گئی کہ وہ صدرجمہورےہ کے دورہ کے تمام مقامات پر بجلی کی بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ جتیندر ‘اسپیشل چیف سکریٹری داخلہ روی گپتا ‘ڈی جی فائر سرویسس ناگی ریڈی‘گورنر کے پرنسپال سکریٹری بی وینکٹیشم ‘پرنسپال سکریٹری فاریسٹ احمد ندیم‘سکریٹری پولیٹیکل رگھونندن راﺅ‘سکریٹری پنچایت راج اینڈ رورل ڈیولپمنٹ لوکیش کمار ‘اسپیشل کمشنر اطلاعات وتعلقات عامہ ہنمنت راﺅ ‘سکریٹری ہیلت کرسٹینا زیڈ چنگڈو‘کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن امرا پالی کاٹا‘سی ایم ڈی ‘ٹی ایس پی ڈی سی ایل مشر ف علی فاروقی اور دوسرے عہدیداران موجود تھے۔