تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

مانسون وقفہ کے دوران تلنگانہ میں درجہ حرارت میں اضافہ

ریاست میں 21اور22ستمبر کو بارش کی پیش قیاسی۔یلو الرٹ جاری

حیدرآباد، 18 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): شہر حیدرآباد میں موسلادھار بارش کے بعد وقفے کے ساتھ درجہ حرارت میں آہستہ آہستہ اضافہ ہو رہا ہے۔ درجہ حرارت میں اس اضافے کے باعث گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔ دن کے بیشتر حصے میں مطلع ابرآلود رہنے کے باوجود، گزشتہ دو دنوں سے موسم خشک ہے۔ چہارشنبہ کو شہر میں دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بیشتر مقامات پر درجہ حرارت 33 ڈگری سیلسیس سے 34 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے جمع کردہ اعدادوشمار کے مطابق، شہر کے چند مقامات میں دن کے درجہ حرارت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا۔ کاپورا میں چہارشنبہ کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 35.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، بعدازاں چندا نگر میں درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس رہا۔ شہر کے دیگر علاقوں جیسے بیگم پیٹ میں 34.5 ڈگری سیلسیس، سکندرآباد میں 34.2 ڈگری سیلسیس، اور موسیٰ پیٹ میں 34.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

درجہ حرارت میں قدرے اضافہ ہو رہا ہے، اور شہر میں رات کا درجہ حرارت 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں 23 ڈگری سیلسیس اور 24 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا۔ صرف سری لنگم پلی میں رات کے دوران درجہ حرارت 19.7 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔

علاوہ ازیں، ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں کے دوران ریاست میں ہلکی تا اوسط بارش ہوگی۔ تلنگانہ میں 21 اور 22 ستمبر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ عادل آباد، کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سرسلہ، کریم نگر، پداپلی، جیہ شنکر بھوپال پلی، ملگ، محبوب آباد، سدی پیٹ، سنگاریڈی، میدک، اور کاماریڈی اضلاع کے مختلف مقامات پر گرج و چمک اور تیز ہواؤں (30 تا 40 کیلو میٹر فی گھنٹہ) کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آئی ایم ڈی حیدرآباد نے شہر کے کچھ علاقوں میں شام یا رات کے اوقات میں ہلکی بارش یا بونداباندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران اعظم ترین درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس اور اقل ترین درجہ حرارت 23 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button