گنیش مورتیوں کا وسرجن، حیدرآباد کی سڑکوں کی صفائی
گنیش مورتیوں کے وسرجن کے دوسرے دن گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے سینیٹیشن اسٹاف کی جانب سے سڑکوں کی مناسب صفائی کا انتظام کیا گیا۔ بدھ کی صبح ہی سے شہر کی سڑکوں کی بہتر صفائی کو یقینی بنایا گیا کیونکہ گذشتہ روز گنیش مورتیوں کے وسرجن کے موقع پر سڑکوں پر جابجا کچرا ڈالا گیا تھا۔
ہر 100 میٹر کی دوری پر ایک سینیٹیشن ٹیم بنائی گئی تھی۔ شہر بھر میں تقریباً 200 ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ کمشنر جی ایچ ایم سی امراپالی کاٹا نے کہا کہ کچرے کی فوری صفائی کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
اسی دوران جی ایچ ایم سی کی جانب سے پیپلز پلازہ، نیکلس روڈ پر گنیش کی مورتیوں کو وسرجن کے لئے لانے والے کرین آپریٹرز اور بھاری گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لئے مفت ناشتے کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس ناشتے سے گنیش منڈپوں کے ذمہ داروں نے بھی استفادہ کیا۔ تقریباً دو ہزار افراد نے اس ناشتے سے فائدہ اٹھایا۔