تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ریاست میں ضمانتوں پر ایک ایک کرکے عمل آوری

صدرکانگریس کی حیثیت سے مہیش کمار گوڑ نے جائزہ لے لیا ۔چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تقریر

حیدرآباد، 15 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہیش کمار گوڑ نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے طور پر عہدہ سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے قیام تلنگانہ کے ذریعے اپنا وعدہ پورا کیا اور 27 جون 2021 کو انہیں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مقرر کیا گیا، جس کے بعد 7 جولائی 2021 کو انہوں نے عہدہ سنبھالا اور سب کو ساتھ لے کر کام کیا۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اندراویلی سے جنگ کا اعلان کیا اور برسر اقتدار آئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ راہول گاندھی کے وعدے کے مطابق کسانوں کے 2 لاکھ روپے تک کے قرضے معاف کردیئے گئے ہیں، اور 23 لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں 18 ہزار کروڑ روپے جمع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے زراعت کو ایک تہوار بنایا ہے اور سونیا گاندھی کی جانب سے دی گئی چھ ضمانتوں کو ایک ایک کرکے نافذ کر رہے ہیں۔

چیف منسٹر نے وضاحت کی کہ اقتدار کے اندرون 48 گھنٹے دو ضمانتوں پر عمل درآمد کیا گیا، جس کے تحت 85 کروڑ خواتین آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت سے مستفید ہو چکی ہیں اور 200 یونٹ مفت برقی فراہم کی جا رہی ہے۔ راجیو آروگے شری کے تحت علاج معالجے کی حد کو 10 لاکھ روپے تک بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ خواتین کو 500 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ فصل کے لئے معیاری دھان پر 500 روپے بونس فراہم کیا جائے گا، اور کانگریس حکومت نے اپنے قیام کے اندرون 3 ماہ 30 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کیں۔ مزید تقررات کا عمل جاری ہے اور ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ آئندہ اولمپکس کے لئے تلنگانہ حکومت نے تیاریوں کا آغاز کیا ہے اور اسپورٹس یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

ریونت ریڈی نے موچرلہ میں چوتھے شہر کو فیوچر سٹی کے طور پر ترقی دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ گزشتہ انتخابات میں ہماری کامیابی سیمی فائنل تھی۔ ہم 2029 میں فائنل کامیابی حاصل کریں گے اور راہول گاندھی لال قلعہ پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست میں کانگریس 10 برسوں تک اقتدار میں رہے گی، اور آئندہ پارلیمانی انتخابات میں ریاست میں 15 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل کی جائے گی۔ آئندہ تین چار ماہ میں بی سی مردم شماری اور بلدی انتخابات کا انعقاد بھی عمل میں لایا جائے گا۔ قبل ازیں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے مہیش کمار گوڑ نے جائزہ حاصل کیا، اور اس موقع پر کانگریس کے قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button