جمہوریت کے تحفظ کے معاملہ میں راہول پر دوہرے معیار کا الزام
ریونت ریڈی کی آمرانہ حکمرانی پر کانگریس قائد کی چشم پوشی ۔کے ٹی آر کا ریمارک
کے ٹی آر نے کہا کہ جمہوریت جوابدہی کے تصور کے ساتھ فروغ پاتی ہے، ظلم و استبداد سے نہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ راہول گاندھی جمہوریت اور عوام کے حقوق کے بارے میں نصیحتیں تو کر رہے ہیں، لیکن ریونت ریڈی کی آمرانہ حکمرانی پر اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں، جبکہ تلنگانہ میں جمہوریت کو پامال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی آواز ہی حقیقی جمہوریت ہوتی ہے، جبکہ یہ کسی ایک شخص کی بے لگام طاقت نہیں ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی بے لگام طاقت، گھروں کو منہدم کرنے، اختلاف رائے کو کچلنے، صحافیوں پر حملے، آواز کو دبانے، اراکین اسمبلی کو خریدنے، اور اپوزیشن کے اراکین اسمبلی پر حملوں پر شدید تنقید کی۔ کے ٹی آر نے راہول گاندھی سے استفسار کیا کہ کیا یہی آپ کا نظریہ جمہوریت ہے؟
انہوں نے ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس کی حکمرانی کو آمریت، غنڈہ گردی اور انارکی سے تشبیہ دی۔ انہوں نے تلنگانہ، کرناٹک اور ہماچل پردیش ریاستوں میں کانگریس کے نظم و نسق پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کرناٹک میں کانگریس کی حکومت 18 ماہ کے بعد دودھ کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ ہماچل پردیش کی حکومت بھنگ کو قانونی قرار دینے کی خواہاں ہے۔ ریونت ریڈی جنہوں نے 100 دنوں میں چھ ضمانتوں پر عمل آوری کے وعدے کے ساتھ اقتدار سنبھالا، روزانہ ایک ڈرامہ رچا رہے ہیں۔
z