تلنگانہ کابینہ کا 20ستمبر کو اجلاس‘اہم امور پرتبادلہ خیال کا امکان
تلنگانہ کابینہ کا 20ستمبر کو اجلاس‘اہم امور پرتبادلہ خیال کا امکان
حیدرآباد ۔ 14;ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)تلنگانہ کی کابینہ کا اجلاس اس ماہ کی 20 تاریخ کومنعقد ہوگا ۔ وزیراعلی ریونت ریڈی کی صدارت میں اگلے جمعہ کو سہ پہر 4 بجے حیدرآباد سکریٹریٹ میں ہونے والے کابینہ کے اس اجلاس میں ریاست میں حالیہ شدید بارش، سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور سیلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مستقل طور پر اٹھائے جانے والے اقدامات جیسے مختلف امور پر تبادلہ خیال کئے جانے کا امکان ہے ۔ اجلاس میں ریاست میں سیلاب کی صورتحال اور مرکزی حکومت کی جانب سے امداد پر بھی تفصیلی بات چیت ہوگی ۔ علاوہ ازیں حیدرا کے کام کرنے کے طریقہ کار اور حیدرا کو قانونی موقف کی فراہمی کےلئے بھی آرڈیننس کے نفاذ پر غور کیاجائے گا ۔ اجلاس میں بی سی تحفظات ‘ذات پات کی مردم شماری کے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا ۔ 200نئی پنچایتوں کی تشکیل کے خصوص میں آرڈیننس لانے پر بھی بات کی جائے گی ۔ کابینہ کے دیگر اہم ایجنڈوں میں زرعی قرضہ جات کی معافی اور کسانوں کےلئے انشورنس اسکیم بھی شامل ہے ۔ ان پر بھی تفصیلی غور وخوض کیا جائے گا ۔ ےہ اجلاس ریاستی پالیسیوں اور عوامی بھلائی کے حوالے سے اہم مانا جارہاہے ۔