تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

بی آرایس کے سرکردہ قائدین گھروں پر نظر بند

سابق وزیر سنیتا لکشماریڈی ‘ایم کویتا گرفتار ۔ ہریش راءو کو پولیس کے ہمراہ دواخانہ جانے کی اجازت

بی آرایس کے سرکردہ قائدین گھروں پر نظر بند

سابق وزیر سنیتا لکشماریڈی ‘ایم کویتا گرفتار ۔ ہریش راءو کو پولیس کے ہمراہ دواخانہ جانے کی اجازت

حیدرآباد ۔ 13;ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)بی آرایس کے کئی سینئر قائدین بشمول ٹی ہریش راءو ‘پی سبیتا اندرا ر یڈی ‘ویمولا پرشانت ریڈی ‘تلاسانی سرینواس یادو ودیگر کو جمعہ کے دن گھروں پر نظر بند کردیاگیا کیوں کہ ریاست بھر میں کشیدگی میں اضافہ دیکھاجارہاہے ۔ بی آرایس کی جانب سے سری لنگم پلی کے رکن اسمبلی اے گاندھی کی رہائش گاہ پر ضلع سطح کے عاملہ کے اجلاس کے اعلان کے تناظر میں پولیس چوکس ہوگئی ہے اور اے گاندھی کی رہائش گاہ پرسیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کردیاگیاہے ۔ پولیس نے ہریش راءو کو ڈاکٹرس سے رجوع ہونے کی بھی اجازت نہیں دی ۔ حالانکہ ہریش راءو نے اپنے بائیں کندھے میں شدید درد کی شکایت کی ہے ۔ جمعرات کے دن پولیس کی جانب سے گرفتاری کے دوران ہریش راءو زخمی ہوگئے تھے ۔ ہریش راءو نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات کی تب انہیں مشروط طور پر پولیس کے ہمراہ اے آئی جی ہاسپٹل جانے کی اجازت دی گئی ۔ جہاں ہریش راءو کے معائنہ کئے گئے ۔ علاوہ ازیں سابق ریاستی وزیر سنیتا لکشما ریڈی اور سابق رکن پارلیمان اےم کویتا جوکہ ہریش راءو سے ان کی صحت کے تعلق سے معلومات کے حصول کےلئے پہنچے تھے ۔ پولیس نے انہیں اندرجانے کی اجازت نہیں دی ۔ پولیس نے مذکورہ بالا قائدین کو گرفتار کرلیا اور پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ بی آرایس قائدین جنہوں نے حیدرآباد آمد کا منصوبہ بنایاتھا انہیں بھی پولیس نے اپنے گھروں کے حد تک ہی محدود رکھا ۔ سدی پیٹ ‘میدک‘سنگاریڈی‘محبوب نگر‘رنگاریڈی‘میڑچل ملکاجگری ‘سورےہ پیٹ‘ عادل آباد‘کریم نگر اور دیگر اضلاع میں بی آرایس قائدین اور کارکنوں کو پولیس نے گھروں پر ہی روک دیا ۔ پارٹی کے چند قائدین کو جمعرات کو رات دیر گئے احتیاطی طور پر حراست میں لیاگیا ۔ واضح رہے کہ جمعرات کو بی آرایس کے رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی اور بی آرایس سے منحرف رکن اسمبلی سری لنگم پلی اے گاندھی کے درمیان لفظی جھڑپ کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے تھے ۔ اس دوران گاندھی اور ان کے حامیوں نے مبینہ طور پر کوشک ریڈی کی رہائش گاہ پر حملہ کردیاتھاجس کے ساتھ ہی ایک بڑا سیاسی تنازعہ پیدا ہوگیاہے ۔ کوشک ریڈی کی رہائش گاہ پر حملہ کے خلاف بی آرایس قائدین نے سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے روبرو دھرنامنظم کیاتھا اور گاندھی اور ان کے حامیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیاتھا ۔ بی آرایس کے قائدین نے حملہ کو روکنے میں ناکامی پر متعلقہ پولیس عہدیداروں کی معطلی پر بھی زوردیاتھا ۔ کافی ڈرامہ کے بعد پولیس نے رات دیر گئے بی آرایس قائدین کو گرفتار کیا اور کیشم پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ تاہم جیسے ہی بی آرایس کے اعلیٰ قائدین کی گرفتاری کی اطلاع عام ہوئی ۔ بی آرایس کیڈر کی خاصی تعداد کیشم پیٹ کی طرف روانہ ہوئی ۔ آخر کار بی آرایس کیڈر کی کثیر تعداد کے یہاں پہنچنے پر قائدین کو رات دیر گئے رہا کردیاگیا ۔ اس دوران رات دیر گئے ضلع صدر بی آرایس میڑچل ملکاجگری ورکن قانون ساز کونسل ایس راجو نے پارٹی قائدین سے ملم پیٹ میں ان کی رہائش گاہ سے کوکٹ پلی میں رکن اسمبلی اے گاندھی کی رہائش گاہ تک ایک ریالی منظم کرنے کا اعلان کیا اور پارٹی قائدین سے ریالی میں شرکت کی خواہش کی ۔ بی آرایس قائدین بشمول کوشک ریڈی نے اے گاندھی کو بی آرایس کھنڈوے کے ساتھ مبارکباد دینے کا منصوبہ بنایا اورانہیں پبلک اکاءونٹس کمیٹی(پی اے سی)کا صدرنشین مقر رکئے جانے پر مبارکباد دی ۔ اس دوران بی آرایس سے منحرف رکن اسمبلی خیریت آباد دانم ناگیندر نے اے گاندھی کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کی تائید وحمایت کی ۔ وہ مبینہ طور پر 8دیگر منحرف اراکین اسمبلی کے ساتھ کانگریس قیادت سے آئندہ مرحلہ کے خصوص میں گفت وشنید کررہے ہیں کیوں کہ منحرف ارکان کو نا اہل قرار دینے کےلئے بی آرایس کی طرف سے دباءو میں اضافہ ہورہاہے ۔

حیدرآباد میں بی آرایس قائدین

گھروں پر نظر بند

حیدرآباد ۔ 13:ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)پولیس نے جمعہ کو شہر حیدرآباد میں کئی بی آرایس قائدین کو گھروں پر نظر بند کردیا ۔ بی آرایس قائدین نے کوکٹ پلی میں پی اے سی صدرنشین اے گاندھی کی رہائش گاہ تک ریالی اور وہاں میٹنگ منعقد کرنے کا اعلان کیاتھا ۔ سابق وزراء میں ہریش راءو کو نانک رام گوڑہ ‘پی سبیتا اندرا ریڈی کو سری نگر کالونی اور تلاسانی سرینواس یادو کو ویسٹ ماریڈ پلی میں نظر بند رکھاگیا ۔ دوسری طرف بی آرایس قائدین نے ایک ریالی میں شرکت کا فیصلہ کیا ۔ جس کا آغاز رکن قانون ساز کونسل ایس راجو کے مکان سے عمل میں آنے کا اعلان کیاگیا ۔ اس پس منظر میں پولیس نے اے گاندھی کی رہائش گاہ پر سخت صیانتی انتظامات روبہ عمل لائے ۔ علاوہ ازیں حضور آباد کے رکن اسمبلی کوشک ریڈی کی رہائش گاہ پر بھی پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیاگیاہے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button