باغ عامہ میں 17ستمبر کو تلنگانہ پرجاپالانا دنوتسوم کا اہتمام
چیف منسٹر قومی پرچم لہرائیںگے ۔انتظامات کا جائزہ ۔چیف سکریٹری شانتی کماری کا خطاب
حیدرآباد، 12 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے عہدیداروں کو آگاہ کیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی 17 ستمبر کو منعقد ہونے والے تلنگانہ پرجا پالانا دنوتسوم کے موقع پر باغ عامہ میں قومی پرچم لہرائیں گے۔ شانتی کماری نے بتایا کہ اس سے قبل، چیف منسٹر ریونت ریڈی امرویرولا اسٹوپم گن پارک میں شہدائے تلنگانہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
چیف سکریٹری نے آج سکریٹریٹ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور تلنگانہ پرجا پالانا دنوتسوم کے سلسلے میں جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے بہتر تال میل کے ساتھ کام کریں۔
محکمہ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روٹ میپ کے مطابق مناسب ٹریفک انتظامات کو یقینی بنائے۔ بلدی عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ تقریب کے مقام کی طرف تمام سڑکوں کی مرمت کے علاوہ مناسب صفائی انتظامات کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ راج بھون، سکریٹریٹ، اسمبلی اور ہائی کورٹ کو روشنیوں سے معمور کیا جائے گا۔ محکمہ توانائی کے عہدیداروں کو بلا وقفہ برقی کی سربراہی کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح، محکمہ آتش فرو کو آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب کا نظم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ایس نے واٹر بورڈ کے عہدیداروں کو پینے کے پانی کی فراہمی کی ہدایت دی۔ اس موقع پر ڈی جی پی جتیندر، پرنسپال سکریٹری داخلہ روی گپتا، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند، اسپیشل چیف سکریٹری ٹی آر اینڈ بی وکاس راج، پرنسپال سکریٹری ایم اے اینڈ یو ڈی دانا کشور، سکریٹری زراعت رگھونندن راﺅ، اور سی آئی پی آر ہنمنت راﺅ اور دوسرے موجود تھے۔