کمشنریٹ سائبر آباد کے روبرو بی آرایس کا شدید احتجاج‘ہریش راﺅ ودیگر گرفتار
حیدرآباد، 12 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز) پی کوشک ریڈی پر حملہ کے خلاف بی آرایس کے قائدین، ہریش راﺅ کی قیادت میں، نمائندگی کے لیے دفتر کمشنر پولیس سائبر آباد پہنچے۔ بی آرایس وفد نے کمشنر اویناش موہنتی سے ملاقات کی کوشش کی، تاہم سیکورٹی عہدیداروں نے انہیں روک دیا اور کمشنر سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔
پولیس کے روّے پر ناراض بی آرایس قائدین نے احتجاج کیا اور اے سی پی اور انسپکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، جو کہ کوشک ریڈی پر حملہ کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ بی آرایس وفد کو جوائنٹ کمشنر ٹریفک، جیول ڈیوس، سے نمائندگی کی اجازت دی گئی، جس کے بعد وفد نے ان سے نمائندگی کی۔
بعد ازاں، بی آرایس کے قائدین نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور کمشنریٹ کے روبرو احتجاج منظم کیا، جس کی وجہ سے یہاں حالات کشیدہ ہوگئے۔ بی آرایس کے احتجاج کی اطلاع کے ساتھ ہی شہر اور اطراف کے مختلف علاقوں سے بی آرایس لیڈرز کی کثیر تعداد یہاں پہنچنے لگی۔ اس دوران، پولیس نے ہریش راﺅ اور دیگر بی آرایس قائدین کو حراست میں لے لیا۔