قدیم کشٹم بستی میں قبرستان کے باقی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کا وعدہ
دیرینہ مسئلہ کی یکسوئی پرتلاسانی سرینواس یادو کی شالپوشی اور گلپوشی
قدیم کشٹم بستی میں قبرستان کے باقی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کا وعدہ
دیرینہ مسئلہ کی یکسوئی پرتلاسانی سرینواس یادو کی شالپوشی اور گلپوشی
حیدرآباد، 11 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز) سابق ریاستی وزیر اور رکن اسمبلی صنعت نگر تلاسانی سرینواس یادو نے قدیم کشٹم بستی میں قبرستان کے باقی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لئے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ سرینواس یادو کی کوششوں سے یہاں قبرستان کے قیام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا۔
بی آر ایس پارٹی کے سینئر قائد سری ہری کی قیادت میں آج سرکردہ مسلم رہنماؤں نے تلاسانی سرینواس یادو سے ان کے دفتر ویسٹ ماریڈ پلی میں ملاقات کی اور گلپوشی اور شالپوشی کی۔ واضح رہے کہ قدیم کشٹم بستی میں میتوں کی تدفین کے لئے مشکلات پیش آ رہی تھیں کیونکہ یہاں تدفین کے لئے مقامی طور پر قبرستان نہیں تھا۔ گزشتہ 50 برسوں سے قبرستان کے قیام کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
قیام تلنگانہ کے بعد رکن اسمبلی صنعت نگر کی حیثیت سے تلاسانی سرینواس یادو نے اس مسئلے کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے قبرستان کے مسئلے کی یکسوئی کے لئے اقدامات کئے اور قبرستان کے لئے مختص اراضی حیدرآباد پبلک اسکول کی تھی جو بستی سے متصل واقع تھی۔ سرینواس یادو نے اسکول انتظامیہ سے بات کی اور انہیں دو ایکڑ اراضی مختص کرنے پر راضی کیا۔
اس طرح قبرستان کی تعمیر و ترقی کے لئے حکومت سے منظور شدہ 3 کروڑ روپے کے ذریعہ کاموں کا آغاز کیا گیا۔ اب قدیم کشٹم بستی میں قبرستان کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ دیرینہ مسئلے کی یکسوئی پر مسلمانوں نے تلاسانی سرینواس یادو سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر وفد نے قبرستان کے باقی کاموں کی انجام دہی پر توجہ دلائی۔ سرینواس یادو نے تمام کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لئے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا۔ وفد میں صابر علی، مقبول، عباس، وحید، عارف اور دیگر شامل تھے۔