تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

قرض معافی سے متعلق ریونت ریڈی کے دعوے کھوکھلے:کے ٹی آر

ناگرکرنول کے پینٹلا ولی موضع میں ایک بھی کسان کا قرضہ معاف نہیں کیاگیا:کے ٹی آر

حیدرآباد، 10-ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): کارگزار صدر بی آر ایس اور رکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے کہا کہ ضلع ناگرکرنول کا پینٹلا ولی موضع اس بات کا جیتا جاگتا ثبوت ہے کہ قرض معافی کی تکمیل کے بارے میں مغرور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے الفاظ بوگس اور فرضی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ موضع کے 499 کسانوں میں سے کسی ایک کسان کا بھی قرض معاف نہیں کیا گیا ہے تو یہ سراسر دھوکہ دہی نہیں تو اور کیا ہے؟

کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر نے قرض معافی کے لئے دسمبر تا 15 اگست ڈیڈ لائنیں مقرر کی تھیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف منسٹر اس معاملہ میں جواب دیں کہ آج تک بھی زرعی قرضہ جات کی معافی کیوں عمل میں نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام کسانوں کے قرضہ جات کی معافی عمل میں لائی جائے۔ چند کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے ذریعہ بلند بانگ دعوے مضحکہ خیز ہیں۔

کے ٹی آر نے کہا کہ ناگرکرنول ضلع کے پینٹلا ولی میں سنگل ونڈو سے قرض لینے والے 499 کسانوں میں سے کسی کا بھی قرض معاف نہیں کیا گیا ہے۔ کسانوں نے پی اے سی ایس کے روبرو دھرنا منظم کیا کیونکہ گزشتہ ایک ماہ سے مختلف دفاتر کے چکر لگانے کے بعد کسان شدید برہم ہوگئے ہیں اور صدائے احتجاج بلند کی ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button