تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

عادل آباد میں پانی میں پھنسے چھ کسانوں کو بچالیاگیا

حیدرآباد، 8 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): عادل آباد میں مقامی افراد نے چھ کسانوں اور چند بیلوں کو بچا لیا جو ایک ندی میں پھنس گئے تھے۔ سات نالہ آبپاشی پروجیکٹ سے اچانک پانی کے اخراج کے باعث جیندھ منڈل کے پنڈلا واڑاموضع میں پانی کا زبردست بہاؤ آیا جس کی وجہ سے چھ کسان پھنس گئے۔

کسان تقریباً شام 6:30 بجے زرعی کاموں سے فراغت کے بعد بیل بنڈی پر ندی عبور کر رہے تھے کہ ندی میں پانی کا زبردست بہاؤ تھا اور وہ پھنس گئے۔ سات نالہ پروجیکٹ سے پانی کے اخراج کے بعد ندی کی سطح آب میں زبردست اضافہ ہوا۔ بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے بھی ندی میں زبردست پانی کا بہاؤ داخل ہوا۔ پانی کے بہاؤ کے باعث کسان تقریباً 30 میٹر تک پانی میں بہہ گئے اور پھنس گئے۔

کسانوں نے مقامی عوام سے مدد طلب کی۔ مقامی افراد تیراکی کے ذریعے کسانوں تک پہنچے اور ان کے ساتھ ساتھ بیلوں کو بھی بچایا۔ کسانوں نے بتایا کہ پروجیکٹ سے پانی کے اخراج کا انہیں علم نہیں تھا۔ مقامی افراد نے کہا کہ عہدیدار بعض اوقات پیشگی اطلاع دیے بغیر پروجیکٹ سے پانی چھوڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عہدیداران پروجیکٹ سے پانی کے اخراج کے معاملے میں اطلاع دینے میں سستی برت رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ لاپرواہ ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ضلع کلکٹر راج رشی شاہ نے استفسار پر بتایا کہ پروجیکٹ کے ذریعہ فاضل پانی کا نچلے علاقوں کی طرف اخراج عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ندی میں پھنس جانے کی وجہ معلوم کی جارہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button