وزراء کشن ریڈی اور پی سرینواس ریڈی کو تلخ تجربہ کا سامنا
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران خواتین نے روک لیا
حیدرآباد، 8 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی اور ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی کو آج کھمم میں تلخ تجربہ کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران، دھمسالا پورم میں کئی خواتین نے وزراء کو روک لیا اور شکایت کی کہ انہیں کسی بھی قسم کی امداد نہیں ملی۔
ریاستی وزیر سرینواس ریڈی نے خواتین کو یقین دلایا کہ حکومت سیلاب متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ بعد ازاں، ریاستی وزیر نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں ضروری اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی۔ ضلع کلکٹر مزمل خان نے بتایا کہ داناوی گوڑم، رامناپیٹ، پرکاش نگر، موتی نگر، اور وینکٹیشور نگر کے مکینوں کی ریلیف مراکز میں منتقلی اور قیام کے تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ ہنگامی اور ناگہانی حالات میں مدد کے لیے ٹول فری نمبر 1077 پر مطلع کریں۔
ویمنس ڈگری کالج، سورنا بھارتی فنکشن ہال، رامنا پیٹ اسکول، اور دھمسالا پورم اسکول میں ریلیف مراکز قائم کیے گئے ہیں، اور رہائشیوں کی خاصی تعداد کو ان مراکز میں منتقل کیا گیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا اور ضلع کلکٹر مزمل خان نے ہفتہ کی رات ریلیف مراکز کے ساتھ ساتھ سیلاب زدہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ منیرو ندی میں پانی کا زبردست بہاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اتوار کی صبح 5 بجے تک ندی میں 15.50 فٹ پانی کا بہاؤ دیکھا گیا، تاہم بعد ازاں پانی کی سطح میں کمی واقع ہوئی اور صبح 11 بجے تک پانی کی سطح 14.25 فٹ درج کی گئی۔