حیدرا کی انہدامی کارروائی کا دوبارہ آغاز، خودسوزی کی کوشش۔خواتین کی آہ وبکا ‘دلخراش مناظر
حیدرآباد، 8 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): جاریہ موسلادھار بارش کے باعث وقفے کے بعد حیدرا کی ٹیموں نے اتوار کو شہر اور مضافات میں غیر مجاز تعمیرات کی انہدامی کارروائی کا دوبارہ آغاز کیا۔ حیدرا کی کارروائی پر عوام میں زبردست غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے۔ انہدامی کارروائی کے دوران آج متاثرین نے خودسوزی کی کوشش کی، جسے پولیس نے ناکام بنا دیا۔
اتوار کی صبح حیدرا نے تین مختلف مقامات پر انہدامی کارروائیاں انجام دیں۔ ریونیو، ایریگیشن، اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے تعاون سے حیدرا کی ٹیموں نے مختلف مقامات پر واقع تین تالابوں کے ایف ٹی ایل اور بفر زونس میں واقع عمارتوں کو منہدم کیا۔ دنڈیگل میں عہدیداروں نے ملم پیٹ چیروو کے ایف ٹی ایل میں تعمیر شدہ عمارتوں کو مسمار کیا، جبکہ مادھاپور میں عہدیداروں نے سونم چیروو میں عمارتوں اور مکانات کو مسمار کیا۔ اسی طرح، ضلع سنگاریڈی کی امین پور جھیل کے اطراف بھی انہدامی کارروائی انجام دی گئی۔
انہدامی کارروائی کے دوران بھاری پولیس بندوبست دیکھا گیا۔ مادھاپور چونا تالاب ایف ٹی ایل زون میں بھی غریبوں کے کئی مکانات کو منہدم کر دیا گیا۔ شدید بارش کے دوران غریب خاندان سڑکوں پر بے یار و مددگار ہو گئے، جنہوں نے اپنی زندگی کی جمع پونجی سے رہائش کا بندوبست کیا تھا۔ انہدامی کارروائی کے باعث وہ سڑکوں پر آگئے ہیں۔ متاثرین نے زار و قطار روتے ہوئے کہا کہ انہیں سامان ہٹانے کا وقت فراہم نہیں کیا گیا اور شدید بارش کے دوران بے یار و مددگار سڑک پر ہی چھوڑ دیا گیا۔
انہدامی کارروائی کے مقام پر بچوں، بوڑھوں، اور خواتین کو آہ و بکا کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ سونم چیروو میں 100 سے زائد مکانات کو منہدم کیا گیا، جس کی وجہ سے کئی خاندان بے گھر ہو گئے۔ متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انسانی بنیادوں پر مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔