ہندوستان ؍ ملک کی خبریں

تعلیم، روزگار اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول میں ہی ملک ترقی کرسکتا ہے : سلمان خورشید

نئی دہلی، 8 ستمبر: کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ’’بھارت جوڑو یاترا ‘‘ کے دو برس مکمل ہونے پر قومی راجدھانی دہلی کے اوکھلا میں کل شام ایک شاندا ریلی کا اہتمام کیا گیا، جس میں کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید ، کانگریس کے راجیہ سبھا رکن دگ وجے سنگھ، گجرات کے ممبر اسمبلی جگینش میوانی، سابق ممبر اسمبلی ڈاکٹر اشوت کپور سمیت کانگریس کے بہت سے قومی اور مقامی لیڈروں نے شرکت کی۔

کانگریس کے سنئر لیڈر مسٹر سلمان خورشید نے ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، روزگار ، بہتر اقتصادی حالت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے خوشگوار ماحول سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا نے ملک کو ایک نئی سمت دی ہے اور اس سے کانگریس کو ہمت اور حوصلہ ملا ہے۔

مسٹر دگ وجے سنگھ نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا نے ملک کے عوام کو خوف سے باہر نکال کر پارٹی کو نیا جوش و خروش اور نئی توانائی دی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر حملہ کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے الزام لگایا کہ بی جے پی کو جب جب انتخابات میں شکست کا سامنا ہوتا ہے، وہ ملک میں فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرکے انتخابات جیتنے کی کوشش کرتی ہے۔ لیکن مسٹر گاندھی کی اس یاترا نے محبت کا پیغام دیکر اس کے اس حربے کو ناکام بنادیا ہے ۔

کانگریس کی ابھرتی ہوئی لیڈر زیبا خان کی قیادت میں نکالی گئی اس ریلی میں مسٹر جگنیش میوانی نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا نے کنیاکماری سے کشمیر تک محبت کا پیغام دیکر ملک میں فرقہ ہم آہنگی کو مضبوط کیا ہے اور پارٹی کے اندار نیا جوش و خروش پیدا کیا ہے۔

محترمہ زیبا خان نے کہا کہ ملک مسٹر راہل گاندھی کو وزیراعظم کے عہدے پر دیکھنا چاہتا ہے، جس کے لئے پارٹی کا ہر کارکن اپنی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔

ریلی کے اہم شرکا میں کانگریس سیوادل کے صدر لال جی ڈیسائی ، پٹ پڑ گنج کانگریس کے ضلع صدر ایشور سنگھ باگڑی ، ذاکر نگر کے سابق کونسلر شعیب دانش ، شاہین باغ کی کونسلر عریبہ خان ، مسٹر شکیل احمد خان، ڈاکٹر احتشام ، مسٹر محمد رفیع اور مسٹر فیروز خان شامل تھے ۔ جبکہ گجرات ، تلنگانہ ، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ ، کیرالہ ، تملناڈو، پبجاب ، ہریانہ ، منی پور سمیت کئی دیگر ریاستوں سے آئے ہوئے پارٹی کارکنوں نے بھارت جوڑو یاترا کے اپنے خوشگوار اور پرجوش تجربات حاضرین سے شیئر کئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button