ضلع محبوب آباد میں 30ہزار ایکر اراضی پر محیط فصلوں کو نقصان
4افراد کی موت ۔چیف منسٹر ریونت ریڈی کا دورہ۔سیلاب کی صورتحال کا جائزہ
حیدرآباد۔3ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے آج محبوب آباد کا دورہ کیا اور سیلاب کی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پرچیف منسٹر نے کہاکہ ضلع محبوب آباد میں28سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
عہدیداروں نے یہاں بہت زیادہ مستعدی اور چوکسی سے کام کیا۔
چیف منسٹر نے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوںنے کہاکہ ضلع میں چار افراد کی موت واقع ہوئی جن میں دو افراد کاتعلق اسی ضلع سے ہے اور دوافراد ضلع کھمم کے رہنے والے تھے۔انہوںنے کہاکہ محبوب آباد ضلع میں تقریباً30ہزار ایکر اراضی پر محیط فصلوں کو نقصان پہنچا۔ریونت ریڈی نے کہاکہ شدید بارش اور سیلاب کے باعث محصور 680افراد کو بچایاگیا۔انہوںنے ایس آئی ناگیش کو مبارکباد پیش کی جو سیتا رام تانڈہ میں سیلاب کے دوران عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔انہوںنے کہاکہ مہلوکین کے ورثاءکو 5لاکھ روپئے معاوضہ دیاجائے گا۔
انہوںنے اکیرو ندی میں سیلاب سے متاثرہ تین تانڈوں کو ایک جگہ منتقل کرتے ہوئے آئیڈیل کالونی بنانے کی ضلع کلکٹر کو ہدایت دی۔چیف منسٹر نے کہاکہ فصلوں کو نقصانات پر فی ایکر اراضی کےلئے 10ہزار روپئے امداد دی جائے گی۔
انہوںنے کہاکہ ہم نے شدید بارش اور سیلاب کی صورتحال کو قومی آفت قرار دینے کےلئے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب تحریر کیاہے۔ہم وزیر اعظم سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ بارش کے نقصانات کا جائزہ لینے کےلئے ریاست تلنگانہ کا دورہ کریں۔ریونت ریڈی نے کہاکہ عہدیداران فی الفور موثر صفائی انتظامات کو یقینی بنائیں۔
سڑکوں سے کیچڑ اور ملبہ ہٹانے کےلئے فی الفور اقدامات روبہ عمل لائے جائیں۔مچھروں کے خاتمہ کےلئے اقدامات کئے جائیں۔بیماریوں کی روک تھام کےلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔چیف منسٹر نے کہاکہ تباہ شدہ علاقوں میں امدادی اور راحتی کاموں کےلئے دیگر علاقوں کے عہدیداروں کی بھی خدمات حاصل کی جائیں۔متاثرہ برقی لائنوں کی فی الفور مرمت کی جائے۔
انہوںنے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خطرے کی وجوہات اور ان سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بلو پرنٹ تیار رکھاجائے اور تمام کلکٹرس کے پاس اسے دستیاب کروایاجائے۔ریونت ریڈی نے کہاکہ ضلع کلکٹر حیدرا جیسا نظام قائم کریں۔تالابوں پر قبضہ جات ناقابل معافی جرم ہے۔ہم تالابوں پر قبضہ جات کے خلاف ریاست بھر میں خصوصی مہم چلائیںگے۔
ریونت ریڈی نے کہاکہ تالابوں پر قبضہ جات میں تعاون کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
تالابوں اور کنالوں پر قبضہ جات کے خصوص میں فہرست تیار کی جائے۔انہوںنے کہاکہ قبضہ جات کی برخاستگی کےلئے ٹھوس منصوبہ بندی ضروری ہے۔چیف منسٹر نے کہاکہ عوامی تنظیموں اور کارپوریٹ تنظیموں کو سیلاب متاثرین کی مدد کےلئے آگے آناچاہئے۔