تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

کھمم میں بی آر ایس قائدین پر حملہ بزدلانہ حرکت: محمد اعظم علی

بی آر ایس کے سینئر لیڈر محمد اعظم علی نے کھمم میں کانگریس کارکنوں کی جانب سے سابق ریاستی وزیر اور سدی پیٹ بی آر ایس کے ہریش راﺅ کے قافلے پر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کانگریس بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر بی آر ایس کے سابق ریاستی وزراء، قائدین اور کارکنوں پر سنگباری اور حملہ کر رہی ہے۔

اعظم علی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ کھمم میں شدید بارش اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد اور ضروری اشیاءکی تقسیم کے لیے پہنچنے والے بی آر ایس کے سابق وزراء ہریش راﺅ، سبیتا اندرا ریڈی، پی اجئے کمار، سابق رکن پارلیمان ناگیشور راﺅ اور دیگر بی آر ایس قائدین اور کارکنوں پر سنگباری کی گئی اور حملہ کیا گیا۔ اس حملے کے نتیجے میں ہریش راﺅ کی گاڑی سمیت دیگر گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ حملے میں ایک بی آر ایس کارکن سنتوش ریڈی کے پیر میں فریکچر آگیا۔

محمد اعظم علی نے کھمم میں بی آر ایس قائدین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس قائدین پیدائشی جنگجو ہیں، انہیں ڈرانے کی ہرگز کوشش نہ کریں، کیونکہ بی آر ایس قائدین کبھی بھی کسی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2001 میں کانگریس کی حکومت نے تلنگانہ تحریک کو روکنے کی کوشش کی، لیکن تلنگانہ عوام کا جذبہ آج بھی وہی برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست میں ہر حال میں امن کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button