تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

عوام کی مدد سے قاصر کانگریس نے تشدد کا سہارا لیا

کھمم میں بی آرایس قائدین پر حملہ کی شدید مذمت:کے ٹی آر

حیدرآباد۔3 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز) کارگزار صدر بی آرایس اور ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے کھمم میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کے دوران بی آرایس قائدین پر کانگریس کے حامیوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور واقعے پر اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مدد کے لیے مصروف عمل افراد کے تئیں کانگریس کی بڑھتی ہوئی نفرت اور عدم رواداری قابل مذمت ہے۔

کے ٹی آر نے وضاحت کی کہ کھمم میں سابق وزرا ہریش راﺅ، پی اجئے کمار، پی سبیتا اندرار یڈی، اور جگدیش ریڈی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے اس حملے کو مایوس کن اقدام قرار دیا، کیوں کہ ضرورت کی اس گھڑی میں کانگریس عوام کی مدد میں ناکام رہی ہے۔

کے ٹی آر نے مزید کہا کہ عوام کی مدد سے قاصر کانگریس نے تشدد کا سہارا لیا ہے، کیونکہ وہ ایسے افراد کو دیکھ نہیں پارہے ہیں جو واقعی ضرورت مندوں کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔ کارگزار صدر بی آرایس کے ٹی آر نے کانگریس حکومت کی ترجیحات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا عوام کے ساتھ کھڑا ہونا غلط ہے جبکہ حکومت عوام کو نظر انداز کر رہی ہے۔

انہوں نے اس واقعے کے لیے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور کانگریس کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ جو لوگ عوام کی خدمت کر رہے ہیں ان پر حملہ کرنا انتہائی شرمناک ہے۔ کے ٹی آر نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے بی آرایس کو ضرورت مند عوام تک پہنچنے سے روک نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے جتنے بھی حملے کیے جائیں، بی آرایس کو عوام میں جانے سے ہرگز روکا نہیں جا سکتا۔ کے ٹی آر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام کانگریس حکومت کی غلط حکمرانی کو دیکھ رہے ہیں اور صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کریں گے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button